• news

چٹا گانگ ٹیسٹ پر گرفت مضبوط چوتھے روز شاہینوں نے بنگالی ٹائیگرز کو بھیگی بلی بنا دیا 

لاہور( سپورٹس رپورٹر) چٹاگانگ ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم نے بنگلا دیش کی جانب سے دیئے گئے 202 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بغیر کسی وکٹ کے نقصان کے 109 رنز بنا لئے۔ظہور احمد چوہدری کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں چوتھے روز بنگلا دیش نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز 39 رنز چار کھلاڑی آؤٹ سے کیا لیکن حسن علی نے جلد ہی بنگلا دیش کے تجربہ کار بلے باز مشفیق الرحیم کو 16 رنز پر پویلین کلین بولڈ کر دیا۔یاسر علی 36 رنز بنا کر ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے جبکہ پہلی اننگز کے سنچری میکر لٹن داس نے دوسری اننگز میں بھی اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 59 رنز سکور کئے اور بنگلا دیش کی پوری ٹیم 157 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ 3 وکٹیں ساجد خان اور 2 وکٹیں حسن علی کے حصے میں آئیں۔پاکستان کی جانب سے عابد علی اور عبداللہ شفیق نے دوسری اننگز میں بھی اپنی ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا اور دونوں بیٹرز نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں۔چوتھے روز کا کھیل ختم ہوا تو عابد علی 56 اور عبداللہ شفیق 53 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے جبکہ پاکستان کو جیت کے لیے مزید 93 رنز درکار ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن