• news

خیبر پی کے میں بلد یاتی الیکشن جماعتی بنیادوں پر ہونگے: سپریم کورٹ، شیڈول بدلنے کی استدعا مسترد

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) خیبر پی کے  میں بلدیاتی الیکشن جاری شیڈول کے مطابق جماعتی بنیادوں پر ہوں گے۔ سپریم کورٹ نے خیبر پی کے  حکومت کی ہائیکورٹ کے فیصلے پر حکم امتناعی اور الیکشن شیڈول تبدیل کرنے کی استدعا مسترد کردی۔ جسٹس عمر عطا بندیال کا کہنا ہے کہ ملک میں جمہوریت کو تقویت دینے کیلئے سیاسی جماعتوں کو مضبوط کرنا ضروری ہے۔ سپریم کورٹ میں خیبر پی کے  بلدیاتی الیکشن جماعتی بنیادوں پر کروانے سے متعلق کیس کی سماعت جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں قائم تین رکنی بینچ نے کی۔ دوران سماعت ایڈووکیٹ جنرل کے پی کے شمائل بٹ نے موقف اپنایا کہ سپریم کورٹ اپنے ایک فیصلے میں کہہ چکی ہے کہ جماعتوں کو بھی بلدیاتی الیکشن لڑنے کا حق ہے لیکن الیکشن کا مطلب صرف الیکشن نہیں بلکہ صحیح بنیادوں پر نمائندگی ضروری ہے۔ جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا جماعتی بنیادوں پر الیکشن سے برادریوں میں ٹوٹ پھوٹ ہوتی ہے، ملک میں جمہوریت کو تقویت دینے کیلئے سیاسی جماعتوں کو مضبوط کرنا ضروری ہے، سیاسی جماعتوں کو سیاسی عمل سے نہیں نکالا جاسکتا۔ جسٹس منصور علی شاہ نے کہا اگر کسی کو اعتراض ہے تو کوئی بھی سیاسی جماعت عدالت میں نہیں آئی، ورنہ سیاسی جماعتوں کو آکر کہنا چاہئے کہ ہائیکورٹ کے فیصلے سے نقصان ہو رہا ہے۔ جس پر جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا تاریخ تبدیل کرنے کے ہم سخت مخالف ہیں، جس کے بعد سپریم کورٹ نے اپنے حکم میں قرار دیا کہ الیکشن کمشن پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کیلئے تمام اقدامات کر چکا ہے۔ بلدیاتی الیکشن شیڈول جاری کرنے میں پہلے ہی دو سال تاخیر ہوچکی ہے اور جاری کیا گیا شیدول سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں ہے۔ اس لئے صوبائی حکومت کی حکم امتناعی کی درخواست کو مسترد کرتے ہیں۔ عدالت نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن