پاکستانی عمرہ زائرین کیلئے آج سے قرنطینہ کی شرط ختم
راولپنڈی (اکمل شہزاد سے) سعودی عرب نے پاکستان کے عمرہ زائرین کیلئے پالیسی کا اعلان کر دیا۔ عمرہ زائرین سعودی عرب کی جانب سے منظور کی گئی کرونا ویکسینیشن کے بعد آج یکم دسمبر سے عمرہ کیلئے جا سکیں گے۔ اطلاعات کے مطابق سعودی عرب نے عمرہ زائرین کیلئے پالیسی جاری کر دی‘ قرنطینہ کی شرط کو ختم کر دیا گیا۔ سعودی عرب میں فائزر کی ڈبل ڈوز ویکسین‘ آکسفورڈ کے دونوں ویکسین کی ڈبل ڈوز‘ میڈورنا کی ڈبل ڈوز‘ جانسن اینڈ جانسن کی سنگل ڈوز کی منظوری ہے۔ اس کے علاوہ ڈبلیو ایچ او کی منظور شدہ ویکسین بھی قابل قبول ہو گی جس کے لئے تین دن کا قرنطینہ لازمی ہو گا اور پی سی آر ٹیسٹ کے بعد عمرہ ادائیگی کی اجازت دی جائے گی۔اسلام آباد سے نامہ نگار کے مطابق وزارت مذہبی امور نے کہا ہے کہ حج پالیسی 2022ء پرکام کررہے ہیں، سعودی عرب نے حجاج کی تعداد اور دورانیہ کم کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ سینٹ کی قائمہ کمیٹی مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزارت مذہبی امورکے حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرونا کی وجہ سے سعودی عرب کی ریڈ لسٹ میں شامل ہے، سعودی حکام سے بات کی ہے، امید ہے پاکستان ریڈ لسٹ سے نکل جائیگا۔ سعودی حکام نے اخراجات کے اضافے کا بھی عندیہ دیا ہے۔ سعودی حکام نے حجاج کو پیکیجڈ خوراک دینے پر زور دیا ہے۔ اس دفعہ آئی ٹی بیسڈ حج ہوگا، معاونین کو آئی ٹی سے روشناس کرانا ہوگا۔ سینیٹر عبدالغفور حیدری نے کہا کہ اگر دورانیہ کم ہوگا تو اخراجات کم ہونے چاہئیں۔