• news

پٹرول ، ڈیزل کی قیمتں بر قرار، ایل پی جی 14.31روپے کلو سستی

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار+ عترت جعفری) حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو بر قرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزارت خزانہ نے اس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ پٹرول کی قیمت145.82روپے فی لٹر، ڈیزل 142.62روپے فی لیٹر، مٹی کا تیل 116.53روپے لٹر اور لائٹ ڈیزل 114.07روپے لٹر کی سطح پر ہی رہے گا۔ موجودہ قیمتیں 15دسمبر تک برقرار رہیں گی۔ دوسری جانب  ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 14  روپے 31  پیسے کمی ہوئی ہے۔ ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 168  روپے 90  پیسے  سستا ہوگیا۔ ایل پی جی کی نئی قیمت 216  روپے 89  پیسے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔ گھریلو سلنڈر کی نئی قیمت 2390  روپے 44  پیسے  مقرر کی گئی۔ ایل پی جی کی نئی قیمتوں کا اطلاق یکم دسمبر 2021ء سے ہوگا۔ اوگرا نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ نومبر میں ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 2559  روپے 35 پیسے کا تھا۔ اسلام آباد سے عترت جعفری کے مطابق بین الاقوامی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ اٹھانے کے بجائے، حکومت نے پٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی میں 4 روپے فی لیٹر اضافہ کر دیا ہے۔ بین الاقوامی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں کمی سے صارفین کو محروم کرنے کیلئے حکومت نے پٹرول اور ہائی سپیڈ ڈیزل پر پٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی میں اضافہ کیا۔ پیٹرول پر پی ڈی ایل موجودہ 9.62 روپے فی لیٹر سے بڑھ کر 13.62 روپے فی لیٹر ہو گیا ہے جبکہ ڈیزل پر یہ موجودہ 9.14 روپے فی لیٹر سے بڑھ کر 13.14 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ لائٹ ڈیزل آئل پر نومبر کے لئے کوئی پی ڈی ایل نہیں تھا جسے دسمبر کے لئے بڑھا کر 3.66 روپے فی لیٹر کر دیا گیا ہے، جبکہ مٹی کے تیل پر 2.06 روپے فی لیٹر سے بڑھا کر 5.91 روپے فی لیٹر کر دیا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن