ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز ، قومی سکواڈ کا اعلان ایک دو روز میں متوقع
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ہونے والی ہوم سیریز کے لیے قومی سکواڈ کا اعلان ایک دو روز میں متوقع ہے۔ذرائع کے مطابق وائٹ بال ٹیم میں شامل کھلاڑی 9 دسمبر کو کراچی میں جمع ہوں گے، ایک دن کی آئسولیشن اور کروناٹیسٹنگ کے بعد ٹریننگ کریں گے۔ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز میں 3 ٹی ٹونٹی اور 3 ون ڈے میچز شامل ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ شعیب ملک اور محمد حفیظ ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز میں شامل نہیں جبکہ سابق کپتان سرفراز احمد اور عماد وسیم کو بھی آرام دیئے جانے کا امکان ہے۔ فاسٹ بائولر محمد حسنین کو ون ڈے سیریز میں شامل کئے جانے کا امکان ہے۔پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا ٹی ٹونٹی میچ 13 دسمبر کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔