• news

دستیابی مسائل ‘پی ایس ایل میںبڑے کھلاڑیوں کو لانے کی کوشش کرینگے : عاطف رانا

لاہور(حافظ محمد عمران/سپورٹس رپورٹر) لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر عاطف رانا نے کہا ہے کہ شاہین آفریدی ہمارے برانڈ ایمبیسڈر اور فخر ہیں جبکہ عاقب جاوید ہمارے ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز ہیں۔ کھلاڑیوں کی تلاش اور صلاحیتوں کی جانچ عاقب جاوید سب سے بہتر کرتے ہیں۔ ہم سب کا مقصد پاکستان سپر لیگ کو بہتر بنانا ہے۔ نجم سیٹھی سے رمیز راجہ تک ہر دور میں فرنچائز مالکان نے لیگ کی بہتری کیلئے دن رات کام کیا ہے۔ فرنچائز مالکان پارٹنرز ہیں وہ بھی لیگ کو سب سے بہتر اور نمایاں دیکھنا چاہتے ہیں لیکن ایسے ماڈل میں مسائل آتے ہیں اور مسائل کو حل کرنے کیلئے کام کیا جاتا ہے۔ ہماری لیگ متحدہ عرب امارات سے پاکستان واپس آئی دوبارہ یو اے ای جانا پڑا۔ ان حالات میں ساتویں ایڈیشن کا مکمل انعقاد نہایت اہم ہے۔ چھٹے ایڈیشن میں پاکستان آنیوالے غیر ملکی کھلاڑی بہت متاثر ہوئے، انہیں کراؤڈ بہت پسند آیا وہ ہماری مہمان نوازی سے لطف اندوز ہوئے یقیناً وہ دوبارہ پاکستان آ کر کھیلنا چاہتے ہیں۔ پی ایس ایل میں دنیا کے بہترین کھلاڑیوں کو لانے کیلئے بھی کوشش کریں گے لیکن یہ ذہن میں رکھنا چاہیے کہ جن دنوں ہماری لیگ ہو رہی ہوتی ہے کئی بہترین کھلاڑی اپنے اپنے ملکوں کی نمائندگی کر رہے ہوتے ہیں، کھلاڑیوں کی دستیابی بھی مسئلہ ہے۔ بہرحال ہم پاکستان سپر لیگ کی بہتری کے ہر فیصلے میں کرکٹ بورڈ کیساتھ کھڑے ہیں۔ ایمریٹس لیگ اور پی ایس ایل کی تاریخوں کا تصادم ہو سکتا ہے۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو ہمارے مسائل میں اضافہ ہو گا۔ سب سے اہم لیگ کے انعقاد میں تسلسل ہے۔ کسی بھی صورت تعطل پیدا ہونا برانڈ کیلئے نقصان دہ ہے۔ ہمارا سب سے بڑا ہدف پاکستان سپر لیگ مقابلوں کے انعقاد میں تسلسل ہے۔

ای پیپر-دی نیشن