آئندہ الیکشن ووٹنگ مشین پر ہونگے،شیخ رشید:نہیں ترجمان مسلم لیگ ن
راولپنڈی (جنرل رپورٹر) وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کئی حلقوں میں 50 ہزار اوورسیز ووٹ ہیں۔ 40 حلقوں کا فیصلہ اوور سیز پاکستانیوں کے ووٹ سے ہوگا۔ کابینہ نے آن لائن ویزا کی منظوری دے دی ہے۔ ووٹ اب الیکٹرانک مشین سے ہوں گے۔ شکر ہے اللہ نے ہمیں نالائق اور نااہل اپوزیشن دی ہے۔ 24 گھنٹے ٹی وی کو میٹیریل دینا بڑا مشکل ہے۔ قوم آگے چلی گئی۔ سیاست دان پیچھے چلے گئے ہیں۔ راولپنڈی میں آئندہ ہفتے آخری کالج بنا رہے ہیں۔ گرلز ڈگری کالج ایف بلاک میں نئے ہال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر شیخ رشید نے کہا کہ اپنے شہر میں یونیورسٹی کالجز سکولز کا جال بچھا دیا ہے، بچیوں نے 100 میں سے 100 نمبرز لئے میں تو 60 تک نمبر لیتا تھا۔ پاکستان کی بیٹی پڑھی لکھی، بیٹے نالائق ہوگئے ہیں۔ ووٹ اب الیکٹرانک مشین سے ہوں گے کیوں کہ یہ اب قانون بن گیا ہے، آئندہ انتخابات ای وی ایم سے یوں گے۔ اوورسیز پاکستانیز آئی ایم ایف سے زیادہ پیسہ پاکستان بھیجتے ہیں ان کی کوئی شرط بھی نہیں ہے۔ اوورسیز ووٹ تحریک انصاف کو ملیں گے تو اپوزیشن کہے گی دھاندلی ہوگئی ہے۔ وفاقی وزیر نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ادارک ہے کہ ملک میں مہنگائی ہے، لیکن اب ہمیں اس کا حل تلاش کرنا ہے۔ سعودی عرب سے لازوال رشتہ ہے انہوں نے قرضہ دیا جس سے اکانومی میں بہتری آئی ہے۔ وفاقی وزراء کے بیرون ممالک جانے پر پابندی روٹین ہے۔ میں تو راولپنڈی سے کہیں بھی نہیں جانا چاہتا۔ ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ آئندہ الیکشن ای وی ایم پر نہیں ہوں گے۔