• news

پاکستان نے136 ہندو یاتریوں کو شادانی دربار سندھ کیلئے ویزوں کا اجراء کر دیا


اسلام آباد+ لاہور (خصوصی نامہ نگاران) پاکستان ہائی کمشن نئی دہلی کی جانب سے بھارت کے ہندو یاتریوں کو شادانی دربار، سندھ کے لئے ویزوں کا اجراء کر دیا۔ تفصیلات کے مطا بق پاکستان ہائی کمشن نے پاکستان میں مذہبی مقامات کے دورے کیلئے بھارت کے ہندو یاتریوں کو 136 ویزے جاری کئے۔ بھارت کے ہندو یاتریوں کا گروپ 4 سے 15 دسمبر2021ء تک سندھ میں شادانی دربار حیات پتافی میں شیو اتاری ست گرو سنت شادارم صاحب کے 313 ویں جنم دن کے موقع پر تقریبات میں شرکت کے لئے پاکستان کا دورہ کر رہا ہے۔ شادانی دربار تین سو سال سے زائد پرانا مندر ہے جو دنیا بھر سے ہندؤں کے لئے مقدس مقام ہے۔ یہ مندر سنت شادارم صاحب نے 1786ء میں تعمیر کیا تھا جو 1708ء میں لاہور میں پیدا ہوئے تھے۔ مذہبی مقامات کے دوروں کے حوالے سے 1974ء کے پاکستان، بھارت پروٹوکول کے تحت ہر سال ہزاروں سکھ اور ہندو یاتری مختلف مذہبی تقریبات میں شرکت کیلئے بھارت سے پاکستان آتے ہیں۔ پاکستان ہائی کمشن کی جانب سے جاری کئے گئے ویزے دیگر ممالک سے ان تقریبات  میں شرکت کیلئے آنے والے ہندو اور سکھ یاتریوں کو دیئے گئے ویزوں کے علاوہ ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن