صدر نے مشترکہ اجلاس سے منظور 31 بلوں کی توثیق کر دی
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مشترکہ اجلاس سے پاس شدہ 31 بلوں کی توثیق کر دی۔ اعلامیہ کے مطابق پارلیمان کے مشترکہ اجلاس میں 17 نومبر کو یہ بل پاس ہوئے تھے۔ صدر مملکت نے آئین کے آرٹیکل 75 کے تحت بلوں کی توثیق کی۔ صدر مملکت نے پرائیوٹائزیشن کمشن رپورٹ قاسم اتھارٹی بلوں کی توثیق کی۔ جسمانی تشدد کیخلاف بل اور عالمی عدالت انصاف بل کی توثیق کی۔ سٹیٹ بنک آف پاکستان بنکنگ سروسز کارپوریشن بل‘ کارپوریشن ای سٹرکچرنگ بل‘ کوووڈ 19 بل اینٹی ایپ بل‘ چیریٹی رجسٹریشن بل‘ رینٹ رجسٹریشن بل‘ انسداد کرپشن بل‘ فیڈرل پبلک سروس کمشن بل‘ کمرشل اور انڈسٹریل قرضوں کے بل‘ نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمشن بل‘ اسلام آباد فوڈ سیفٹی بل‘ امیگریشن بل‘ پاکستان اکیڈیمی آف لیٹرز بل کی توثیق کی۔ صدر مملکت نے پروٹیکشن آف جرنلسٹس اینڈ میڈیا پروفیشنلز ایکٹ2021ء پر دستخط کو ایک تاریخی دن قرار دیا اور کہا کہ صحافی ہمیشہ دباؤ کا شکار رہے ہیں اور اب اتفاق رائے سے پروٹیکشن آف جرنلسٹس اینڈ میڈیا پروفیشنلز ایکٹ منظور کر کے اس پر دستخط کئے گئے ہیں۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ صحافی غیر جانبدار ہوتے ہیں اور وہ ہر وقت خطرہ میں رہتے ہیں۔ صحافی طویل عرصہ سے اپنے تحفظ اور حقوق کیلئے آواز بلند کرتے رہے ہیں۔ صحافیوں کو ماضی میں مافیاز کے ہاتھوں قتل اور زخمی ہونے کے واقعات کا سامنا کرنا پڑا ہے اور انہیں ہراساں بھی کیا جاتا رہا ہے۔ اس ایکٹ کے ذریعہ صحافیوں کو اس بات کا تحفظ دیا گیا ہے کہ وہ اپنے ذرائع کو ڈسکلوز نہیں کر سکتے۔ صدر نے امید ظاہر کی کہ صحافی بھی اپنی ذمہ داریاں پوری کریں گے۔