• news

 لاہور ہائیکورٹ کا زیادتی کے مقدمات 6 ماہ میں نمٹانے کا حکم


لاہور (اپنے نامہ نگار سے) لاہور ہائیکورٹ نے زیادتی کے مقدمات 6 ماہ میں نمٹانے کا حکم دے دیا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے ٹوبہ ٹیک سنگھ کے چھ سالہ بچے سے زیادتی کے ملزم ساجد عرف سجو کی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔ لاہور ہائیکورٹ نے زیادتی کے ملزم ساجد کی ضمانت خارج کرنے کا فیصلہ جاری کیا اور ساتھ ہی ریمارکس دیے کہ جہاں بچوں کو زیادتی سے بچانے کی ضرورت ہے وہیں بے گناہ افراد کو جھوٹے الزامات سے بھی بچانا ضروری ہے۔ الزامات جھوٹے نکلیں تو کیس بنانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ عدالت نے کہا کہ بچوں سے زیادتی کے مقدمات کے تیزی سے فیصلے ہونے چاہئیں۔ ایسے مقدمات کے ترجیحی طور پر 6 ماہ میں فیصلے کئے جائیں۔ لاہور ہائیکورٹ نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں عموماً ایسے کیسز جلد رپورٹ نہیں ہوتے، لہٰذا ٹرائل کورٹ کیس کا فیصلہ مقررہ مدت میں کرے۔

ای پیپر-دی نیشن