پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کاسالانہ ترقیاتی پروگرام پر جائزہ
لاہو ر ( کامرس رپورٹر ) پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے زیر اہتمام سالانہ ترقیاتی پروگرام 2021-22 پر جائزہ اجلاس کا اہتمام پی اینڈ ڈی کمپلیکس میں کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ عبد اللہ خان سنمبل نے کی۔ اجلاس مختص اور جاری شدہ بجٹ اور اس کے استعمال کے تناظر میں پنجاب کی ترقیاتی پروفائل اور سالانہ ترقیاتی پروگرام2021-22 کی حیثیت کا جائزہ لینا تھا۔ اجلاس میں پنجاب کو ترقیاتی فنڈز ریلیز کے بارے میں چیئر کو بریفنگ دی گئی۔ جس میں نئی سکیموں کی منظوری اور جاری سکیموں پر پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔4680 سکیموں میں سے 4406 سکیموں کی منظوری دی گئی ہے اور 560 ارب کے مختص بجٹ کے مقابلے میں 265 ارب خرچ کی سطح پر رہ گئے ہیں۔ چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ نے ہدایت کی کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام2021-22 پر تیزی سے عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب کی طرف سے وضع کردہ ہدایات پر عمل کیا جائے۔اجلاس میں متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسروں نے شرکت کی۔