پاکستان ٹیم ڈھاکہ پہنچ گئی ، آج سے پریکٹس شروع ، قومی کرکٹرز کی رینکنگ میں ترقی
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ ٹیم گزشتہ روز چٹاگانگ سے ڈھاکہ پہنچ گئی ۔ قومی ٹیم 2آج اور کل شیر بنگلہ نیشنل کرکٹ سٹیڈیم میرپور میں ٹریننگ کرے گی۔پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان سیریز کا دوسرا اور خری ٹیسٹ میچ پرسوں 4 دسمبر سے شروع ہوگا۔بنگلہ دیش کیخلاف عمدہ کارکردگی کی بدولت قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلرز حسن علی، شاہین آفریدی اور عابد علی کی عالمی درجہ بندی میں ترقی ہوئی ہے اور شاہین پہلی مرتبہ ٹیسٹ رینکنگ میں پانچویں نمبر پر آگئے ہیں۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کیساتھ ساتھ بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹیسٹ میچ اور ویسٹ انڈیز اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ میچ کے بعد نئی رینکنگ جاری کردی۔آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں شاہین شاہ آفریدی3 درجے ترقی پاکر کیریئر کی بہترین 5ویں پوزیشن پرپہنچ گئے۔ فاسٹ باؤلر حسن علی پانچ درجے چھلانگیں لگاتے ہوئے کیریئر کی بہترین 12ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔اوپننگ بیٹرعابد علی کیساتھ ساتھ پہلا میچ کھیلنے والے عبداللہ شفیق کی بھی ترقی ہوئی ہے۔عابد علی 28 درجے ترقی پا کر کیریئر کی بہترین 20 ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔اوپننگ بیٹر عبداللہ شفیق 83ویں نمبر کیساتھ ٹیسٹ رینکنگ کا حصہ بنے ہیں۔ محمد رضوان 18 سے21 جبکہ اظہر علی 21 سے 22 نمبر پر جبکہ فواد عالم کی رینکنگ میں 27ویں پوزیشن ہوگئی۔ کپتان بابراعظم ایک درجہ تنزلی کے بعد ساتویں سے آٹھویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔سری لنکا کے دیمومتھ کرونارتنے ساتویں نمبر پر آگئے ہیں جبکہ اینجلو میتھیوز اور دنیش چندیمل کی بھی ترقی ہوئی ہے۔نیوزی لینڈ کے ٹام لیتھم پانچ درجے بہتری کے بعد نویں نمبر پر آگئے ہیں۔ بھارت کے شریاس آئر 74ویں نمبر سے انٹری کی ہے۔آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں انگلینڈ کے کپتان جو روٹ سرفہرست ہیں جبکہ آسٹریلیا کے سٹیو سمتھ دوسرے اور نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن تیسرے نمبر پر ہیں۔باؤلنگ کے شعبے میں آسٹریلیا کے پیٹ کمنز پہلے نمبر پر براجمان ہیں جبکہ بھارت کے روی چندرن ایشون دوسرے اور نیوزی لینڈ کے ٹم ساؤدھی تیسرے نمبر پر ہیں۔21 سالہ شاہین شاہ آفریدی نے عمدہ باؤلنگ سے انگلینڈ کے باؤلر جیمز اینڈرسن، جنوبی افریقہ کے کاگیسو ربادا اور نیوزی لینڈ کے نیل ویگنر کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔نیوزی لینڈ کے کائل جیمیسن بھی پہلی مرتبہ دس بہترین باؤلرز کی فہرست کا حصہ بن گئے ہیں اور چھ درجہ ترقی کیساتھ نویں نمبر پر آگئے ہیں۔آل راؤنڈرز کے شعبے میں ویسٹ انڈیز کے جیسن ہولڈر پہلے نمبر پر ہیں جبکہ بھارت کے رویندرا جدیجہ دوسرے اور روی چندرن ایشون تیسرے نمبر پر ہیں۔