نشانہ بازی میں اعلی کارکردگی فوجی تربیت کے بنیادی مقاصد کا محور ہونا چاہیے،آرمی چیف
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ نشانہ بازی میں اعلی کارکردگی کا حصول فوجی تربیت کے بنیادی مقاصد کا محور ہونا چاہیے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کی 41ویں پاکستان آرمی رائفل ایسوسی ایشن کی اختتامی تقریب میں شرکت کی۔ نشانہ بازی کے یہ مقابلے 26 اکتوبر سے یکم دسمبر تک جہلم گیریژن میں ہوئے۔ آرمی چیف نے ہر شوٹنگ کیٹیگری میں اول اور دوم آنے والوں میں ٹرافیاں اور میڈل تقسیم کئے۔ نشانہ بازوں کو ان کے شاندار معیار پر انہیں سراہا۔ مقابلوں کے نتائج کے مطابق انٹرفارمیشنز مقابلوں میں ملتان کور نے پہلی اور منگلا کور نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ سی اے ایف کیٹگری میں پنجاب رینجرز نے ٹرافی جیتی جب کہ گلگت بلتستان سکائوٹس نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ انٹر سروسز میچز میں پاکستان آرمی نے چاروں مقابلے جیتے۔ چاروں مقابلوں میں چیف آف آرمی سٹاف، چیف آف ائیر سٹاف اور چیف آف نیول سٹاف ٹرافیاں شامل ہیں۔ پاک فضائیہ، چیف آف آرمی سٹاف اور سی اے ایس مقابلوں میں دوسرے نمبر پر رہی۔ جب کہ پاک بحریہ سی این ایس کے مقابلے میں دوسرے نمبر پر رہی۔ پاک آرمی نے اوپن نیشنل میچز میں شاٹ گن، لانگ رینج اور سمال بور ٹرافیاں جیتیں۔ پاک آرمی نے پرائم منسٹر سکلز ایٹ آرمز بگ بور نیشنل مقابلہ بھی جیت لیا، جب کہ پاک بحریہ نے پرائم منسٹر سکلز ایٹ آرمز بگ بور نیشنل مقابلے میں دوسری پوزیشن حاصل کی۔ ملٹری شوٹنگ کا سب سے بڑا اعزاز ’’دی ماسٹر ایٹ آرمز‘‘ ٹرافی لانس حوالدار ارشد صدیقی کو دی گئی۔ پریذیڈنٹ کپ نیشنل چیلنج میچ ٹرافی حوالدار جعفر حسین کو دی گئی جب کہ بیسٹ شوٹ میچ ٹرافی لانس دفادار ذوالفقار خان کو دی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مقابلوں میں ایف سی اور اے ایس ایف کے2500 سے زائد فائررز اور عام شہریوں نے بھی حصہ لیا۔