حکمرانوں کی کسان دشمن پالیسی سے ملک غذائی بحران کا شکار ہے: امان اﷲچٹھہ
حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت+نمائندہ خصوصی+نامہ نگار)کسان بورڈ کے زیر اہتمام ضلع بھر کے کسانوں اور کاشتکاروں نے تیل کھاد کی مہنگائی کے خلاف احتجاجی ریلی علی پوررود سے نکالی جس کی قیادت کسان بورڈ کے مرکزی نائب صدر امان اﷲچٹھہ نے کی۔ شرکاء ریلی نے تیل کھاد بجلی کی مہنگائی زراعت کی تباہی ، کھاد مافیا کو کنٹرو ل کرو اور کسان دشمن پالیسی تبدیل کرو کے نعرے لگائے۔ ریلی فوارہ چوک پر اختتام پزیر ہوئی جہاں شرکاء ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی نائب صدر امان اﷲچٹھہ نے کہا کہ پچھلے دوتین سال سے ملک آٹا چینی کے جس سنگین بحران سے دوچار ہے وہ موجودہ حکمرانوں کی کسان دشمن پالیسی کا نتیجہ ہے۔ جس کی وجہ سے ڈی اے پی کھاد کی قیمت میں پانچ ہزار روپے اور یوریامیں آٹھ سو بوری اضافہ ہوچکا ہے لیکن اسکے باوجود گندم کی منصفانہ امدادی قیمت مقررکرنے سے انکارکیا جارہاہے۔ انہوںنے نے کہا کہ اگر حکومت نے کھاد، تیل بجلی کی کمرتوڑ مہنگائی ختم نہ کی اور اجناس کی معقول امدادی قیمت مقررنہ کی تو اگلے سال ملک میں غذائی بحران میں سنگین ہوجائے گا۔ اور ہم اپنے احتجاج کا دائرہ پورے ملک میںپھیلادیں گے۔ریلی سے ملک شوکت علی پھلروان ، رائے حق نواز، شاہنواز ہنجرانے بھی خطاب کیا۔