سٹاک مارکیٹ، دوسرے روز بھی مندا ڈالر ریکارڈ 179.50 روپے کا ہوگیا
لاہور(کامرس رپورٹر+ کامرس ڈیسک) پاکستان سٹاک ایکسچینج میں دوسرے روز بھی مندا، ہندریڈ انڈیکس 43 ہزار پوائنٹس کی سطح سے بھی نیچے گر گیا۔ دوران کاروبار ہنڈریڈ انڈیکس 771 پوائنٹس تک گر کر 42 ہزار 769 پوائنٹس تک پہنچ گیا۔ ہنڈریڈ انڈیکس 150 پوائنٹس سے گر کر 43 ہزار 84 پوائنٹس پر بند ہوا۔ ماہرین کے مطابق مارکیٹ گرنے کی وجہ بنک سیلینگ ہے، بروکرز نے کمپنیز کے مہنگے شیئرز فروخت کیے ہیں۔ دوسری طرف عالمی منڈی میں ایک اونس سونے کی قیمت4ڈالر کی کمی سے 1773ڈالرکی سطح پر پہنچنے کے باوجود ملک میں گزشتہ روز ایک تولہ 24 قیراط سونے کی قیمت 350 روپے اضافے سے124000روپے ہوگئی۔ جیولرز کے مطابق ملک میں سونے کی ڈیمانڈ بڑھنے سے اس کی قیمت میں اضافہ ہواہے۔ علاوہ ازیں گزشتہ روز بھی سٹاک مارکیٹ میں مندے، اومیکرون کے بڑھتے خدشات کے باعث روپے کے مقابلے میں بیرونی کرنسیوں کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان جاری رہا اور انٹر بنک میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر 34پیسے بڑھ گئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت فروخت 1.50روپے بڑھ گئی۔ جس سے انٹر بنک میں ڈالر 176.76روپے اور اوپن مارکیٹ میں 178روپے سے بڑھ کر 179.50روپے کا ہوگیا۔ یورو کی قیمت فروخت بھی50پیسے بڑھی اور پائونڈ سٹرلنگ کی قیمت فروخت بھی 1.5روپے کے اضافے سے 237روپے پر پہنچ گئی۔