اصل بیان حلفی پاکستانی ہائی کمشن کے حوالے کریں: اٹارنی جنرل کا رانا شمیم کو خط
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) ہائی کورٹ کے حکم پر اٹارنی جنرل نے سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم کو اصل بیان حلفی حوالے کرنے کے لیے خط لکھ دیا۔ خط میں لکھا گیا ہے کہ گلگت بلتستان کے سابق چیف جج اپنا اصل بیان حلفی پاکستان ہائی کمیشن لندن کے حوالے کریں۔ انہوں نے خط میں لکھا ہے کہ 3 نومبر کے عدالتی حکم کی پیروی کرتے ہوئے پاکستان ہائی کمشن سربمہر لفافے میں بیان حلفی پاکستان بھجوائے گا۔ دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ میں رانا شمیم کے حلف نامے سے متعلق کیس میں ان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کے لیے رائے محمد کھرل نامی شہری نے درخواست دائر کردی۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ رانا شمیم، مسلم لیگ (ن) سندھ کے عہدیدار رہے ہیں، (ن) لیگ نے برسر اقتدار آتے ہی رانا شمیم کو بطور چیف جج گلگت بلتستان تعینات کردیا تھا۔ درخواست گزار نے استدعا کی کہ خدشہ ہے کہ رانا شمیم دوبارہ بیرون ملک فرار نہ ہوجائیں، لہٰذا عدالت فریقین کو رانا شمیم کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دے۔