تبدیلی حا لات کا تقا ضا شہباز شریف ، فاروق ستار ملاقات میں اتفاق
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف اور ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار نے ملک میں تبدیلی حالات کا تقاضا ہے۔ ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے سابق کنوینئر ڈاکٹر فاروق ستار نے گزشتہ روز یہاں ماڈل ٹائون میں لیگی قیادت سے ملاقات کی۔ ملاقات میں لیگی صدر شہباز شریف کے علاوہ ن لیگ کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال‘ خواجہ سعد رفیق اور سردار ایاز صادق بھی شامل تھے۔ فریقین نے ملک کی مختلف سیاسی اور بدترین معاشی صورتحال اور بے قابو مہنگائی ووٹنگ مشین اور انتخابی اصلاحات سے تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے مستقبل میں رابطہ رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن)کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا کہ آج پاکستان کی معاشی خودمختاری کوآئی ایم ایف کے سامنے سرنڈرکردیا گیا۔ تمام جمہوریت پسند قوتوں کوپاکستان کوبچانے کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا۔ فاروق ستار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی استحکام کو بڑے چیلنج لاحق ہیں جبکہ منی بجٹ معیشت کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔