• news

پلاسٹک کی آلودگی پھیلانے میں امریکہ دنیا میں سب سے آگے: رپورٹ 

واشنگٹن (این این آئی)دنیا بھر سے پیدا ہونے والے پلاسٹک فضلے میں سب سے زیادہ کچرے کا ذمہ دار امریکہ ہے جہاں ہر شہری 130 کلوگرام پلاسٹک فضلہ سالانہ پیدا کرتا ہے۔فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکی حکومت کو جمع کرائی گئی حالیہ رپورٹ میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ پلاسٹک فضلے کے بحران سے نمٹنے کے لیے قومی سطح پر حکمت عملی تیار کی جائے۔امریکہ نے سال 2016 میں مجموعی طور پر تقریباً چار کروڑ 20 لاکھ میٹرک ٹن پلاسٹک فضلہ پیدا کیا تھا، جو یورپی یونین کے تمام رکن ممالک اور چین کی جانب سے پیدا ہونے والے پلاسٹک فضلے سے دو گنا زیادہ ہے۔امریکہ کے بعد دوسرے نمبر پر برطانیہ ہے جہاں ہر شہری سالانہ 99 کلوگرام پلاسٹک فضلہ پیدا کرتا ہے جبکہ جنوبی کوریا میں اس کی مقدار 88 کلوگرام سالانہ ہے۔رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں پلاسٹک کچرے کی پیداوار سال 1996 میں دو کروڑ میٹرک ٹن تھی جو 2015 میں 20 گنا اضافے کے بعد 38 کروڑ 10 لاکھ میٹرک ٹن ہوگئی۔ ابتدائی طور پر سمندر میں موجود فضلے سے نمٹنے کے لیے زیادہ تر توجہ بحری جہازوں یا دیگر بحری ذرائع سے جڑے فْضلے پر دی جاتی تھی۔

ای پیپر-دی نیشن