قرنطینہ کی خلاف ورزی 2برس قید، 2لاکھ ریال جرمانہ یا دونوں سزائیں:سعودی عرب
ریاض(اے پی پی)سعودی عرب کے محکمہ امن عامہ نے کہا ہے کہ ہوٹل قرنطینہ یا آئسولیشن کی خلاف ورزی پر 2 برس تک قید اور2 لاکھ ریال تک جرمانے کی سزا ہو گی یادونوں میں سے کسی ایک پر بھی اکتفا کیا جا سکتا ہے ۔ سعودی اخبار کے مطابق محکمہ امن عامہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جو شخص بھی آئسولیشن کی ہدایت یا ہوٹل قرنطینہ پابندی کی خلاف ورزی کا مرتکب ہو گا اس پر دولاکھ ریال جرمانہ یا دو برس تک قید کی سزا دی جائے گی یا دونوں سزائیں بیک وقت دی جا سکتی ہیں۔ محکمہ امن عامہ کا کہنا ہے کہ اگر ہائوس آئسولیشن یا ہوٹل قرنطینہ کی خلاف ورزی دوسری بارہونے پر سزا دگنی ہو گی ، اگر خلاف ورزی کا ارتکاب کرنے والا کوئی غیر ملکی ہو گا تو ایسی صورت میں اسے دوسری بار خلاف ورزی پر اسے سزا کاٹنے کے بعد سعودی عرب سے بیدخل اور بلیک لسٹ بھی کر دیا جائے گا ۔ واضح رہے یکم دسمبر سے پاکستان سمیت 6 ممالک سے براہ راست مسافروں کے سعودی عرب آنے پرپابندی ختم کردی گئی ہے تاہم وہاں پہنچنے کے بعد 5 دن ہوٹل میں قرنطینہ کرنا ہوگا ۔