بلوچستان میں ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال شدید، پنجاب، اسلام آباد کے ’’مسیحا‘‘ بھی شامل
اسلام آباد/کوئٹہ (این این آئی)کوئٹہ میں ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال شدت اختیار کر گئی ہے ۔ پنجاب اور اسلام آباد کے ینگ ڈاکٹرز بھی میدان میں کود پڑے۔ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان نے اپنے مطالبات کے حق میں صوبے میں شروع ہونے والی 10 روزہ کرونا ویکسی نیشن مہم کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔ویکسی نیشن مہم کے بائیکاٹ کا اعلان ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر حفیظ مندوخیل نے وائی ڈی اے پنجاب کے صدر ڈاکٹر مد ثر نواز اور اسلام آباد کے صدر ڈاکٹر فیض اچکزئی کے ہمراہ نیوز کانفرنس میں کیا۔اس موقع پر احتجاجی مظاہرہ کا اعلان بھی کیا۔دوسری جانب ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن پنجاب اور اسلام آباد کے صدور نے بھی احتجاج کی دھمکی دے دی۔ینگ ڈاکٹرز پنجاب کے صدر ڈاکٹر مدثر نواز نے کہا کہ ینگ ڈاکٹرز نے بلوچستان کے ڈاکٹرز کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے بازو پر سیاہ پٹیاں باندھی ہیں ،اگر ہماری بات نہ مانی گئی تو پنجاب میں او پی ڈیز سروسز بند کردیں گے۔ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن اسلام اباد کے صدر ڈاکٹر فیض اچکزئی کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے ینگ ڈاکٹرز کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے (آج) ہفتہ سے اسلام آباد میں بھی ٹوکن ہڑتال ہوگی۔