کرونا ویکسین سے انسانی جانوں کے تحفظ اور اقتصادی بحالی میں مدد ملی : آئی ایم ایف
اسلام آباد(اے پی پی)عالمی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف)نے کہا ہے کہ کرونا ویکسین سے انسانی جانوں کے تحفظ اور اقتصادی بحالی میں مدد ملی ہے لیکن دنیا کے کئی ممالک میں کرونا وائرس کی نئی اقسام سے غیر یقینی کی صورتحال میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ آئی ایم ایف نے اپنے ایک بلاگ میں کہا ہے کہ کووڈ۔19 کی عالمی وبا کے باعث دنیا بھر کے مختلف ممالک کو عدم مساوات ، غربت اور حکومتی آمدنیوں میں کمی کے مسائل درپیش ہیں۔ ترقی یافتہ ممالک کے مقابلہ میں ایمرجنگ مارکیٹس اور کم آمدنی والے ترقی پذیر ممالک کو زیادہ مسائل کا سامنا ہے کیونکہ ان میں ویکسین کی شرح کم ہے ۔ آئی ایم ایف نے مزید کہا ہے کہ کرونا وائرس کی وبا کے باعث ترقی پذیر اور کم آمدنی والے ممالک میں مالیاتی مسائل میں بھی اضافہ ہوا ہے، جس کی وجہ سے بین الاقوامی ترقیاتی ایجنڈا کی تکمیل میں مشکلات کا سامنا ہے۔ عالمی ما لیاتی فنڈ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ سال 2021 کے اختتام تک کرونا کی عالمی وبا کی وجہ سے دنیا بھر میں مزید 65تا75ملین افراد کا شرح غربت سے نیچے جانے کا خدشہ ہے۔ آئی ایم ایف نے بین الاقوامی برداری پر زور دیا ہے کہ ترقی اور معاشی خوشحالی کے حوالہ سے پالیسیز مرتب کرتے ہوئے کووڈ۔19کے اثرات پیش نظر رکھے جائیں تاکہ بین الاقوامی معیشت کو سمارٹ ، سرسبز اور لچکدار بنیادوں پر استوار کیا جا سکے ۔