• news

پاکستان کرکٹ بورڈ کا خواتین کیلئے پی ایس ایل شروع کرنے کا عندیہ 

لاہور(سپورٹس رپورٹر)چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے کہا ہے کہ ہمارا بورڈ مشکل حالات میں افغانستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ کھڑا ہے، امید ہے افغانستان خواتین کرکٹ کے مستقبل کیلئے اہم فیصلہ کریگا، چیئرمین پی سی بی نے پاکستان میں خواتین کیلئے پاکستان سپر لیگ منعقد کروانے کا عندیہ بھی دیدیا۔افغانستان میں طالبان حکومت قائم ہونے پر چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے کہا کہ افغانستان کرکٹ فی الحال مشکلات کا شکار ہے لیکن دیگر کرکٹ بورڈز کی طرح پی سی بی بھی افغانستان کرکٹ کیساتھ کھڑا ہے۔ افغانستان کرکٹ بورڈ کیلئے خواتین کی کرکٹ کے حوالے سے آئندہ 6 ماہ اہم ہیں، آئی سی سی نے افغانستان میں باصلاحیت کرکٹرز کو ضائع ہونے سے بچانے کیلئے فنڈنگ کا سلسلہ مکمل جاری رکھنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔چیئرمین پی سی بی نے پاکستانی خواتین کرکٹرز کیلئے پاکستان سپر لیگ شروع کرنے کا عندیہ بھی دیا۔ اور کہاکہ پاکستان میں لڑکیوں کیلئے سکول اور کالج میں کرکٹ کا کوئی نظام نہیں ہے، خواتین کی کرکٹ پاکستان کرکٹ کا ایک اہم پہلو ہے۔

ای پیپر-دی نیشن