انسانی حقوق کی تنظیموں کا سیالکوٹ سانحہ کیخلاف لبرٹی چوک پر احتجاجی مظاہرہ
لاہور (لیڈی رپورٹر) انسانی حقوق کی تنظیموں نے سیالکوٹ واقعہ کیخلاف لبرٹی چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر ’’سری لنکا ہم شرمندہ ہیں‘‘ جیسے متعدد نعرے درج تھے۔ ہیومن رائٹس کمشن، خدمت خلق موومنٹ، جوائنٹ ایکشن فار پیپلز رائٹس کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے مظاہرے میں ویمن ایکشن فورم ، پروگریسو سٹوڈنٹس کلیکٹو، لبرایجوکیشن فورم، ہوم نیٹ پاکستان اور وائز سمیت دیگر تنظیموں کے نمائندگان نے شرکت کی ۔ اس موقع پر حناجیلانی، فاروق طارق، عرفان مفتی اور بشریٰ خالق نے خطاب میں کہا کہ ہم سیالکوٹ واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہیں اور سری لنکا سے معذرت خواہ ہیں ۔ مقررین نے مطالبہ کیا کہ واقعہ میں تمام ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔