سانحہ سیالکوٹ غیر اسلامی‘ غیر انسانی‘ انکوائری‘ مجرموں کو سزا دی جائے‘ پرویز الہٰی
لاہور (نیوز رپورٹر) قائم مقام گورنر پنجاب پرویزالٰہی سے وفاق المدارس العربیہ کے سیکرٹری جنرل قاری حنیف جالندھری نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ صوبائی وزیرحافظ عمار یاسر، راسخ الٰہی، ڈاکٹر اے آر خالد، ڈاکٹر راشد سراج بھی موجود تھے۔ پرویزالٰہی نے سیالکوٹ واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ غیراسلامی و غیر انسانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں سری لنکا کی حکومت اور مقتول کی فیملی کے ساتھ دلی ہمدردی ہے، اس واقعہ کی انکوائری مکمل کر کے جلد از جلد ملزموں کو قرار واقعی سزا دی جائے۔ چودھری پرویزالٰہی نے قاری حنیف جالندھری کو ختم نبوتﷺ کے حوالے سے تیار کردہ قرآنی آیت اور حدیث کا فریم دیا جس کو تمام سرکاری دفاتر میں نمایاں طور پر لگایا جائے گا۔ قاری حنیف جالندھری نے چودھری پرویزالٰہی کو پاکستان میں تمام مکاتب فکر کے علما کا متفقہ منظور کیا جانے والا قرآن مجید کا ترجمہ پیش کیا۔