پاکستان دوبارہ کیمیانی ہتھیاروں پر پابندی کی حامی تنظیم کی ایگزیکٹیوکونسل کارکن منتخب
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کو کیمیائی ہتھیاروں کی روک تھام کی تنظیم کی ایگزیکٹو کونسل کے لیے دوبارہ منتخب کر لیا گیا ہے۔ پاکستان اب 2022ء سے 2024ء تک مزید دو سال کے لیے ایگزیکٹو کونسل کارکن رہے گا۔ کونسل انتخابات 29 نومبر سے 2 دسمبر تک نیدر لینڈز میں ریاستی جماعتوں کی کانفرنس کے ہیگ میں ختم ہونے والے 26ویں اجلاس کے دوران ہوئے۔ دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق 197 ریاستوں کے ساتھ دنیا کا پہلا کثیرالجہتی تخفیف اسلحہ معاہدہ کیمیکل ویپن کنونشن (سی ڈبلیو سی) بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کو ختم کرنے والا سب سے کامیاب تخفیف اسلحہ معاہدہ ہے۔ دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان سی ڈبلیو سی کے مقاصد کی تکمیل کے لیے تعمیری کردار ادا کر رہا ہے۔ اور اپنی متعلقہ سہولیات پر او پی سی ڈبلیو کے معمول کے معائنے کی باقاعدگی سے میزبانی کرتا ہے۔ دفتر خارجہ نے کونسل میں پاکستان کے دوبارہ انتخاب کو واچ ڈاگ میں ملک کے مثبت کردار کا ثبوت قرار دیا۔