سعودی عرب سے 3ارب ڈالر موصول،معشیت پرمثبت اثرات مرتب ہونگے:مشیر خزانہ
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم کے مشیر خزانہ شوکت ترین نے اعلان کیا ہے کہ سٹیٹ بنک میں سعودی عرب سے 3 ارب ڈالر منتقل ہوگئے ہیں۔ بیان میں شوکت ترین نے کہا کہ اچھی خبر، سعودی عرب کے 3 ارب ڈالر ڈپوزٹ سٹیٹ بنک کو مل گئے ہیں۔ مشیر خزانہ نے کہا کہ میں اس اقدام پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور سعودی عرب کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ سعودی عرب سے3 ارب ڈالر کی وصولی کا معاہدہ وزیراعظم عمران خان کے اکتوبر میں دورہ سعودی عرب کے دوران طے پایا تھا، تعاون کے اس پیکیج کے علاوہ سعودی عرب نے 1.2 ارب ڈالر کی پیٹرولیم مصنوعات کی تاخیری ادائیگی کی سہولت فراہم کرنے پر بھی اتفاق کیا تھا۔ بنک حکام کے مطابق سعودی عرب سے 3 ارب ڈالر موصول ہونے کے بعد زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو گیا ہے۔ اس کے ملکی معیشت پر مثبت اثرات ہونگے۔