پاکستانی قوم شرمندہ،ذمہ داروں کیخلاف کاروائی ہو گی،وزیراعظم کی سری لنکن صدر کو یقین دہانی
لاہور+ اسلام آباد ( نوائے وقت رپورٹ+ خصوصی نامہ نگار) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سری لنکن صدر کو یقین دلایا کہ سانحہ سیالکوٹ میں ملوث مجرموں کیخلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔ ٹویٹر پر وزیراعظم عمران خان نے لکھا کہ متحدہ عرب امارات میں موجود سری لنکن صدر گوٹابایا راجہ پاکسے سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔ سیالکوٹ میں پریانتھا دیاودانا کے قتل پر پاکستانی قوم کو بھی غصہ ہے اور قوم سری لنکا سے شرمندہ ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ٹیلیفونک رابطے کے دوران میں نے سری لنکن صدر کو بتایا کہ اس واقعے کے بعد کارروائی کرتے ہوئے 100 سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا ہے اور انہیں یقین دلایا کہ ملوث ملزمان کیخلاف سخت کارروائی ہو گی۔دوسری طرف سری لنکن صدر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ سیالکوٹ میں پیش آنے واقعے پر گہری تشویش ہے۔ ہماری حکومت کو وزیراعظم عمران خان پر مکمل بھروسہ ہے کہ پاکستان انصاف کی فراہمی کو یقینی بنائے گا اور ملک میں باقی سری لنکن کارکنوں کی حفاظت کو یقینی بنائے گا۔ علاوہ ازیں سری لنکا کے وزیر اعظم مہندا راجا پکسے نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے یقین ہے کہ وزیر اعظم عمران خان اپنا عہد پورا کرتے ہوئے واقعے میں ملوث تمام ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے۔ انہوں نے ٹویٹر پر لکھا کہ پاکستان میں مشتعل ہجوم کی جانب سے سری لنکن منیجر پریا نتھا دیاودھنا پر بہیمانہ اور جان لیوا حملے پر صدمہ پہنچا۔ متاثرہ شخص کی اہلیہ اور خاندان کے غم میں شریک ہوں۔ اس کے بعدسری لنکن وزارت خارجہ کی طرف سے سیالکوٹ واقعہ پر وزیر اعظم عمران خان کے بیان، پاکستان کی طرف سے فوری ردعمل اوراقدامات کا خیر مقدم کیا گیا ہے۔