• news

سانحہ سیالکوٹ پر ہر پاکستانی افسر دہ،ملزم عبرتناک سزا سے بچ نہیں پائیں گے،عثمان بزدار


لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ سیالکوٹ میں غیر ملکی شہری کو جلانے کا واقعہ انتہائی دلخراش اور قابل مذمت ہے اور اس دردناک واقعہ پر ہر پاکستانی افسردہ ہے۔ ذمہ دار عناصر انسان کہلانے کے حقدار نہیں۔ ملزم عبرتناک سزا سے نہیں بچ پائیں گے۔ انصاف ہر صورت ہوگا اور ہوتا ہوا نظر بھی آئے گا۔ درندگی کا مظاہرہ کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ ملزموں کو قانون کے مطابق سخت ترین سزا دلائی جائے گی۔ اسلام امن اور آشتی کا دین ہے اور دین اسلام میں تشدد کی کوئی گنجائش نہیں۔ سری لنکا کی حکومت اور عوام خصوصاً ہلاک شہری کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ دکھ کی اس گھڑی میں غمزدہ خاندان کے ساتھ ہیں۔ یقین دلاتے ہیں کہ انصاف کے تمام تقاضے پورے کئے جائیں گے اور انصاف ہوگا۔ سری لنکا کے عوام اور سوگوار خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ افسوسناک واقعہ کی مذمت کیلئے میرے پاس الفاظ نہیں ہیں۔ بربریت کے اس واقعہ سے ہر پاکستانی کا سر شرم سے جھک گیا ہے۔ حکومت اس ضمن میں اپنی تمام تر ذمہ داریاں پوری کرے گی۔ ذمہ داروں کے خلاف بلا تاخیر قانونی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔ مقدمہ انسداد دہشت گردی کی عدالت میں چلایا جائے گا۔ پاکستان ہر اس شخص کا ہے جو یہاں بستا ہے۔ وطن عزیز میں رہنے والا ہر شخص پاکستانی ہے، چاہے اس کا تعلق کسی بھی مذہب، نسل یا طبقے سے ہو۔ شہریوں کی جان ومال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے۔ آئندہ ایسے افسوسناک واقعات کے سدباب کیلئے موثر اقدامات کرنے کے لئے ہدایات جاری کردی ہیں۔ عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر مستحق افراد کے لئے ملتان میں’’احساس بازار‘‘ قائم کردیا گیا ہے۔ ’’احساس بازار‘‘ میں مستحق افراد کو گرم کپڑے، جرسیاں، سوئٹر، جیکٹس اور جوتے دئیے جائیں گے۔ ملتان میں انتظامیہ نے جنرل بس سٹینڈ پر’’احساس بازار‘‘ قائم کیا ہے۔ ’’احساس بازار‘‘ میں مستحق افراد کی سہولت کے لئے میڈیکل  کیمپ بھی لگایا گیا  ہے۔ ڈپٹی کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے ’’احساس بازار‘‘کا افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ’’احساس بازار‘‘ کے قیام پر انتظامیہ کی کاوشوں کی تعریف کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزارنے ’’احساس بازار‘‘ جیسے فلاحی اقدام کا دائرہ کار دیگر شہروں میں بھی بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ ’’احساس بازار‘‘ کا قیام مستحق افراد کی مدد کے لئے احسن اقدام ہے۔  غریب افراد کو ریلیف دینے کیلئے’’احساس بازار‘‘ کا قیام بہترین کاوش ہے۔عثمان بزدار  نے رضا کارانہ خدمات سر انجام دینے والے افراد اور تنظیموں کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ رضاکارانہ خدمات سر انجام دینے والے قدرتی آفات میں اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر انسانیت کی مددکرتے ہیں۔رضاکاروں کے جذبے سچے اور مقاصد نیک ہوتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن