کیوی بائولر اعجاز پٹیل کی ٹیسٹ اننگز میں 10وکٹیں ‘دنیا کے تیسرے بائولر بن گئے
لاہور(سپورٹس ڈیسک )نیوزی لینڈ اور بھارت کے درمیان جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں نیوزی لینڈ کے بائولر اعجاز پٹیل نے بھارت کی پوری ٹیم آئوٹ کردی۔وہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں ایک اننگز میں 10وکٹیں لینے والے تیسرے بائولربن گئے، اعجاز پٹیل نے 119 رنز دیکر 10 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔اعجاز پٹیل سے پہلے جم لیکر اور انیل کمبلے بھی اننگز میں 10 وکٹیں لے چکے ہیں، انگلینڈ کے جم لیکر نے آسٹریلیا کیخلاف 1956ء میں اننگز میں دس کھلاڑی آئوٹ کئے تھے۔بھارت کے انیل کمبلے نے پاکستان کیخلاف 1999ء میں ٹیسٹ میچ کی ایک اننگز میں 10 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا۔پاکستان کے سرفراز نواز اور عبدالقادر اننگز میں 9،9 وکٹیں لے چکے ہیں، سرفراز نواز نے آسٹریلیا کیخلاف 1979 میں اننگز میں 9 شکار کئے تھے جبکہ عبدالقادر نے انگلینڈ کیخلاف 1987 میں اننگز میں نو وکٹیں لی تھیں۔سرفراز نواز، عبدالقادر سمیت ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں 17 بائولرز اننگز میں نو وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔