کرونا کا پھیلائو:جنوبی افریقہ ‘بھارت کے درمیان کرکٹ سیریز ملتوی
لاہور(سپورٹس ڈیسک )جنوبی افریقہ سے سامنے آنیوالی کرونا وائرس کی قسم اومی کرون کی وجہ سے بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان کرکٹ سیریز کو ملتوی کردیا گیا۔کرونا کے نئے ویرینٹ اومی کرون کی وجہ سے ویمنز ورلڈکپ کوالیفائر میچز ملتوی کیے جاچکے ہیں جبکہ اس کے علاوہ کرکٹ کے دیگر ایونٹ بھی اومی کرون کی زد میں آچکے ہیں۔جس میں کرکٹ افریقہ نے کچھ کھلاڑیوں کے کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ڈویژن ٹو کے میچز کو ملتوی کردیا ہے۔اب بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹونٹی انٹرنیشنلزکو آگے بڑھادیا گیا ہے۔ تین ٹیسٹ، تین ون ڈے اور چار ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز 17 دسمبر سے شروع ہونا تھی جس کیلئے بھارتی ٹیم کو 8 دسمبر کو جنوبی افریقہ کیلئے روانہ ہونا تھا۔ بی سی سی آئی کے سیکرٹری جے شاہ نے سیریز کو ملتوی کرنے کی تصدیق کی اور کہا کہ دو طرفہ سیریز کیلئے بھارتی ٹیم کی جنوبی افریقہ روانگی اب حکومتی اجازت سے مشروط ہے جس کی وجہ سے اب یہ سیریز بعد میں کھیلی جائیگی۔بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ دو طرفہ سیریز کو ملتوی کیے جانے کا فیصلہ بی سی سی آئی کے سالانہ جنرل اجلاس میں کیا گیا ہے تاہم بورڈ کی جانب سے بھارت کے دورہ افریقہ کی تاریخ سے آگاہ نہیں کیا گیا ہے۔