کم ٹرن آئوٹ ،ثابت ہوا ن لیگ ،پی پی خالی میدان میںبھی نہیں جیت سکیں،فواد چوہدری
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی‘ نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ لاہور کے ضمنی انتخاب میں ووٹنگ کی شرح انتہائی کم رہی، جس سے ثابت ہوتا ہے کہ نون لیگ اور پیپلز پارٹی خالی میدان میں بھی کھیل نہیں جیت سکتے۔ گزشتہ روز اپنے ایک ٹویٹ میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ تمام تر پراپیگنڈا کے باوجود تحریک انصاف ہی میدان کی اصل کھلاڑی ہے، جس کے بغیر میدان ویران ہے۔ وہ لاہور میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 133 کے ضمنی انتخاب پر ردعمل کا اظہار کر رہے تھے۔ جس میں ٹرن آؤٹ کم رہا۔ جمشید چیمہ اور ان کی اہلیہ کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے بعد حلقے میں پی ٹی آئی کا کوئی امیدوار میدان میں نہیں ہے۔ معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار اور بین الصوبائی رابطہ کی وزیر فہمیدہ مرزا کیساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا ہے کہ سیالکوٹ واقعے پر ہم سب متحد ہیں، اس واقعہ سے ہر پاکستانی کا سر شرم سے جھک گیا، پاکستان ترقی پسند ملک ہے اور ہمارے ادارے مضبوط ہیں۔ تاہم انتہاپسندی کسی ایک جماعت کا مسئلہ نہیں۔ سری لنکا کے شہری کے ساتھ جو ہوا ہر پاکستانی کا سر شرم سے جھک گیا ہے۔ انتہا پسندی پر وزیراعظم اور شہریوں نے ایک جیسی مذمت کی جو کہ خوش آئند ہے جبکہ احسن اقبال اور مصطفیٰ نواز کھوکھر نے جس انداز میں مولانا فضل الرحمن کے بیان کا جواب دیا وہ ذمہ دارانہ اور قابل تحسین ہے۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے دینہ میں لاہور کے نجی سکول کی ٹرپ کوسٹر کو پیش آنے والے حادثہ پر اظہار افسوس کیا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کامیاب جوان سپورٹس ڈرائیو پروگرام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وزارت بین الصوبائی رابطہ اور کامیاب جوان پروگرام کے تحت یہ شاندار ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام ہے۔ وزیراعظم عمران خان مشعل جلا کر سپورٹس میلے کا آغاز کریں گے۔