• news

سری لنکن شہری کو بچانے کی کوشش،بہادری،وزیر اعظم:عدنان کیلئے تعغمہ شجاعت کا اعلان


اسلام آباد (خبر نگار حصوصی+ نوائے وقت رپورٹ)  وزیراعظم عمران خان نے سری لنکن شہری کو بچانے کی کوشش کرنے والے نوجوان کیلئے تمغہ شجاعت کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعظم نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ پوری قوم کی جانب سے میں ملک عدنان کی بہادری اور اخلاقی جرأت کو سلام پیش کرتا ہوں کہ جنہوں نے سیالکوٹ میں اپنی جان خطرے میں ڈالتے ہوئے پریانتھا دیاوادنا کو پناہ دینے اور خود کو ڈھال بنا کر انہیں جنوبی جتھے سے بچانے کی پوری کوشش کی۔ ہم انہیں تمغہ شجاعت سے نوازیں گے۔ اس کے علاوہ  وزیر اعظم آج ملک کے سب سے بڑے پروگرام کامیاب جوان سپورٹس ڈرائیو کا افتتاح کریں گے۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کو تلاش کرنے کا زبردست موقع فراہم کر رہے ہیں، مقامی ٹیلنٹ کو عالمی سطح پر کامیاب دیکھنا چاہتے ہیں۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق سابق برطانوی فٹبالر مائیکل اوون کامیاب جوان سپورٹس ڈرائیو کا حصہ بن گئے ہیں۔ وہ پاکستان میں ’’ساکر سٹی‘‘ بنا کر نوجوانوں کی تربیت کریں گے۔  پاکستانی نوجوانوں کو ’’لوکل سے گلوبل‘‘ تک لانے میں کردار ادا کرنے کو تیار ہوں، فٹ بال کا زبردست ٹیلنٹ تلاش کروں گا۔  مائیکل کو کامیاب جوان کا سفیر بننے پر مبارکباد دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کو تلاش کرنے کا زبردست موقع فراہم کر رہے ہیں۔ نوجوانوں سے خطاب میں آئندہ کا لائحہ عمل بتائوں گا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے ٹین بلین ٹری سونامی منصوبے کے بعد آبی آلودگی کے خاتمہ پر توجہ مرکوز کرلی، کل اہم اجلاس طلب کرلیا گیا ہے۔  علاوہ ازیں گریٹر تھل کینال فیز 2 کی تعمیر کی تنازع کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس آج ہوگا۔ ملکی تاریخ میں پہلی بار کامیاب جوان پروگرام اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے اشتراک سے نوجوانوں کو غیر نصابی اور کھیلوں کی سرگرمیوں میں مصروف عمل رکھنے کے لئے چار ارب روپے کے 4 نئے منصوبے شروع کئے گئے ہیں جس میں کامیاب جوان سپورٹس ڈرائیو جیسا میگا پراجیکٹ بھی شامل ہے۔ منصوبے کے پہلے فیز میں 12 کھیل بشمول ہاکی، کرکٹ، فٹ بال، ہینڈ بال، ریسلنگ، ویٹ لفٹنگ، سکواش، والی بال، سکئی، جوڈو، باکسنگ اور ایتھلیٹکس شامل ہیں۔ ایک کروڑ نوجوانوں کو سیلکشن کے عمل سے گزارا جائے گا۔ کھیلوں میں کامیابی حاصل کرنے والے نوجوانوں کو عالمی معیار کی پیشہ ورانہ تربیت دی جائے گی۔ پنجاب حکومت نے ملک عدنان کو انسانی حقوق کا ایوارڈ دینے کا اعلان کیا ہے۔ صوبائی وزیر انسانی حقوق اعجاز عالم نے کہا کہ ملک عدنان کو دس دسمبر کو انسانی حقوق کے عالمی دن پر ایوارڈ دیا جائے گا۔ دوسری طرف سری لنکن مینجر پریانتھا کی جان بچانے کی کوشش کرنے والے ملک عدنان نے تمغہ شجاعت کے اعلان پر وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ پوری قوم اور حکومت کا شکرگزار ہوں۔ میں نے ملک کا سوفٹ امیج پیش کیا۔ پریانتھا کمارا انتہائی نفیس‘ ایماندار اور انتہائی فرض شناس تھے۔ میرے پہنچنے سے پہلے پریانتھا کے سر اور منہ پر چوٹیں لگی ہوئیں تھیں۔ میٹنگ میں تھا شور پر باہر گیا تو 40 سے 50 افراد پریانتھا پر حملہ آور تھے۔ میں پریانتھا پر لیٹ گیا اور بچانے کی کوشش کی مجھ پر بھی تشدد ہوا۔ فیکٹری میں لگے پوسٹر صفائی کے دوران اتارے جاتے ہیں۔ پریانتھا اردو پڑھنا‘ لکھنا نہیں جانتے تھے۔

ای پیپر-دی نیشن