سانحہ سیالکوٹ: ابھی والدہ کو قتل کا نہیں بتایا، بھائی، تحقیقات پر اظہار اطمینان
کولمبو (آئی این پی) سیالکوٹ میں مشتعل ہجوم کے ہاتھوں قتل ہونے والے سری لنکن فیکٹری منیجر پریانتھا کمارا کے بھائی نے قتل سے متعلق ہونے والی تحقیقات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے پریانتھا کے بھائی سری شانتا کمارا نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان اس معاملے پر درست سمت میں تحقیقات کروا رہے ہیں۔ بھائی ہمیشہ پاکستان کی تعریف کرتے تھے، ان سے کبھی پاکستان کے خلاف کوئی شکایت نہیں سنی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ حادثے کے باعث پریانتھا کی اہلیہ اب تک صدمے سے نہیں نکل سکی ہیں جبکہ والدہ کو بھائی کے قتل سے اب تک آگاہ نہیں کیا ہے۔