• news

سندھ بلدیاتی نظام کیخلاف متحدہ اور ن لیگ نے سڑکوں پر آنے کا اعلان کر دیا


کراچی (نوائے وقت رپورٹ) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم) کے وفد نے کراچی میں مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں سے ملاقات کی اور آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔ جبکہ سندھ کے نئے بلدیاتی نظام کو مسترد کرتے ہوئے (ن) لیگ اور ایم کیو ایم نے سڑکوں پر آنے کا عندیہ دے دیا ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہنما عامر خان نے کہا کہ ہر سطح پر احتجاج کریں گے۔ ضرورت پڑی تو اسمبلی میں بھی احتجاج کریں گے۔ نئے بلدیاتی نظام میں میئر کو اختیارات نہیں دیئے گئے، پی ٹی آئی سے مایوس ضرور ہیں، اپنے تحفظات کا اظہار کرتے رہتے ہیں، حکومت کے اتحادی ہیں جب وقت آئے گا تو الگ ہوجائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی نے بلدیاتی نظام سے متعلق بل پر کوئی مشاورت نہیں کی، سندھ حکومت نے اسمبلی میں جعلی اور جھوٹی اکثریت سے بل پاس کرایا، بلدیات کے تمام اختیارات سندھ حکومت اپنے پاس رکھنا چاہتی ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما محمد زبیر نے کہا کہ سندھ میں جو فنڈ آتے ہیں نہ وہ پیسہ کراچی میں لگ رہا ہے۔ سندھ میں پیسہ کہاں لگ رہا ہے کہاں ترقیاتی کام ہورہے ہیں۔ مفتاح اسماعیل نے کہاکہ پیپلز پارٹی نے بلدیاتی اختیارات پر حملہ کیا ہے، مزید اختیارات ختم کردئیے ہیں، پیپلز پارٹی کا وفاق میں اور صوبے میں الگ الگ چہرہ ہے، وفاق میں یہ فیڈریشن کی بات کرتے ہیں صوبے میں یہ حقوق سلب کرتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن