• news

پولنگ مقررہ وقت پر ختم، 2 دولہے بھی آئے، ایک نقلی، فول پروف سکیورٹی، پی ٹی آئی کے جھنڈے بھی نظر آئے


لاہور (شہزادہ خالد سے) پولنگ کا عمل مقررہ وقت پر شروع ہوا اور مقررہ وقت ختم ہونے پر پولنگ سٹیشنوں کے دروازے بند کر دئیے گئے، جو ووٹرز پولنگ سٹیشن کے اندر تھے صرف انہوں نے ووٹ کاسٹ کیا۔ سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے تھے، رینجرز، ڈولفن، پیرو اور کیو آر ایف کے دستے  سارا دن گشت کرتے رہے۔ کل 254 پولنگ سٹیشنز میں سے 24 پولنگ سٹیشن حساس اور 21 انتہائی حساس قرار دئیے گئے تھے۔ ووٹ ڈالنے کے لئے ایک اصلی دولہا اور ایک نقلی دولہا پولنگ سٹیشن پر آیا۔ اصلی دولہا ووٹ کاسٹ کر کے چلا گیا جبکہ نقلی دولہا سارا دن اپنے امیدوار کو سپورٹ کرتا رہا۔ ن لیگی رہنما خواجہ سلمان رفیق موٹر سائیکل پر حلقے میں گھومتے نظر آئے۔ پولنگ کے دوران متعدد مقامات پر تحریک انصاف کے جھنڈے تھامے ووٹرز بھی نظر آئے، قوی امکان ہے کہ انہوں نے پیپلز پارٹی کو ووٹ دیا۔ امیدواروں نے دن بھر اپنے پولنگ ایجنٹوں اور ووٹروں کیلئے پرتکلف کھانوں کا اہتمام کیا جن میں مرغ قورمہ، قیمے والے نان اور بریانی وغیرہ شامل تھی جبکہ دن بھر چائے بھی چلتی رہی۔

ای پیپر-دی نیشن