• news

ماری گیس فیلڈ ہلال 1 اور اقبال 1 سے پیداوار کا آغاز

لاہور (نیوز رپورٹر)ماری گیس فیلڈ ہلال 1 اور اقبال 1 سے پیداوار کا آغازہوگیا۔ ملکی وسائل پر انحصار اور معیشت میں بہتری میں مددگار ثابت ہو گا۔ماری پٹرولیم کمپنی لمیٹڈ نے یکم دسمبر 2021 سے ماری گیس فیلڈ ہلال-1 اور اقبال-1 پر دریافت ہونے والے کنوؤں سے پاک ارب فرٹیلائزرز لمیٹڈ کو 10 MMSCFD قدرتی گیس کی فراہمی کا آغاز خوش آ ئند قرار دیا ہے۔ کمپنی کو ان دونوں دریافتوں کی کامیابی بالترتیب مئی-2020 اور اگست-2020 کو ملی۔ ستمبر 2020 میں، حکومت نے دونوں دریافتوں پر چھ ماہ کیلئے EWT  پروڈکشن کی منظوری دی تھی جبکہ اس سے سپلائی کا آغاز کابینہ کی منظوری کے بعد ہوا۔ گیس کی یہ اضافی فراہمی ڈہرکی، ضلع گھوٹکی، سندھ میں واقع ماری گیس فیلڈ میں کمپنی کی جاری ایکسپلوریٹری اور ڈویلپمنٹ پر مبنی مسلسل سرگرمیوں کا نتیجہ ہے۔ ایک اندازے کے مطابق ماڑی فیلڈ سے فراہم کردہ گیس سے سالانہ 100,000 میٹرک ٹن اضافی کھاد کی پیداوار حاصل ہوگی۔ فراہمی کے باعث جہاں ملک میں کھاد کی کمی کو پورا کرنے میں مدد ملے گی وہاں مقامی وسائل پر انحصار کرتے ہوئے فوڈ سکیورٹی اور متعلقہ ضروریات پوری کرنے کیلئے گیس کے درآمدی اخراجات کو کم کرنے میں بھی معاونت حاصل ہوگی۔

ای پیپر-دی نیشن