چنیوٹ ، نالی کے جھگڑے پر چچا زادوں کی فائرنگ، اسسٹنٹ کمشنر جھنگ قتل
چنیوٹ+لاہور (نمائندہ نوائے وقت+نامہ نگار) نالی کے جھگڑا پر اسسٹنٹ کمشنر کو فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ ملزمان فرار ہو گئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر جھنگ عمران جعفر وربھو اپنے گاؤں چک نمبر 237 ج ب لنگڑانہ ضلع چنیوٹ آیا ہوا تھا کہ چچا زاد بھائیوں کے ساتھ گھر کے قریب نالی کے مسئلہ پر جھگڑا ہوا تو چچا زاد بھائیوں نے فائرنگ کر کے عمران جعفر کو موت کے گھاٹ اتار دیا اور فرار ہو گئے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر نعش کو کارروائی کے لیے تحصیل ہسپتال بھوانہ منتقل کر دیا۔ وزیراعلیٰ نے اظہار افسوس‘ واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی۔ ڈی پی او چنیوٹ موقع پرپہنچ گئے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دیں۔لاہورسے نامہ نگارکے مطابق انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے تھانہ لنگرانہ چنیوٹ کے گاؤں چک 237 میں مخالفین کی فائرنگ سے اسسٹنٹ کمشنر جھنگ عمران جعفر کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او فیصل آباد سے رپورٹ طلب کی ہے۔ آئی جی پنجاب نے ڈی پی او چنیوٹ کو موقع پر پہنچنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ لواحقین کو انصاف کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائی جائے۔