• news

وزیراعظم کراچی کے پہلے جدید ترین ٹرانسپورٹ نظام کا افتتاح 10 دسمبر کو کریں گے: اسد عمر 

سلام آباد (صباح نیوز)وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ وزیراعظم 10 دسمبر کو کراچی گرین لائن منصوبے کا افتتاح کریں گے۔وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے ٹوئٹ میں کہا کہ کراچی گرین لائن منصوبے کا افتتاح 10 دسمبر کوہوگا، وزیراعظم عمران خان کراچی کے پہلے جدید ٹرانسپورٹ نظام کا افتتاح کریں گے۔اس سے قبل اسد عمر نے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ کراچی گرین لائن منصوبے کا تفصیلی جائزہ لیا، انشااللہ اگلے 10 دن میں یہ منصوبہ ٹرائل آپریشن کے لیے تیار ہوگا، تقریبا دو ہفتے ٹرائل آپریشن کے بعد 25 دسمبر کو کمرشل آپریشن کا آغاز کر دیا جائے گا۔واضح رہے کہ رواں سال اکتوبر میں مزید 40 گرین بسیں کراچی پہنچ گئی تھیں جس کے بعد اب کراچی میں آنے والی گرین بسوں کی تعداد 80 تک پہنچ گئی ۔کراچی گرین لائن منصوبے کے لیے بسیں فراہم کرنے والی کمپنی کے مطابق کراچی کی بسیں لاہور، اسلام آباد اور پشاور میں چلنے والی بسوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ جدید ہیں، یہ بسیں یورو تھری معیار کی اور ہائبرڈ ہیں ، ان میں ڈیزل کے ساتھ خودکار طریقے سے چارج ہونے والی بیٹری بھی استعمال ہوگی جس سے ایندھن کی بچت کے ساتھ ماحول کو بھی فائدہ ہوگا۔ بسوں میں خصوصی سسٹم نصب ہے جو انجن میں آگ لگنے کی صورت میں خودکار طریقے سے آگ بجھائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن