پیراکے ممبران کی تعیناتی غیر قانونی قرار، دونوں ممبر فارغ
اسلام آباد(نا مہ نگار)پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا)کے ممبران کی تعیناتی غیر قانونی قرار،وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد وزارت تعلیم و تربیت نے عہدے سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا،وفاقی کابینہ نے یہ بھی طے کر دیا ہے کہ ممبران پیرا کے عہدہ پر محدود مدتی(Tenure bases) تعیناتی ہو گی، دستیاب دستاویزات کے مطابق وزارت تعلیم نے کابینہ ڈویژن کو بریفنگ دی کہ پیرا ایکٹ2013کے مطابق پیرا اتھارٹی چیئرمین اور دو ممبران پر مشتمل ہو گی ،اسلام آبادہائیکورٹ نے ایک رٹ پٹیشن کی روشنی میں سیکرٹری کابینہ اور سیکرٹری وزارت تعلیم کو ہدایات جاری کیں کہ کابینہ سے رائے لی جائے کہ ممبران کا عہدہ ریگولر بنیادوں پر ہو سکتا ہے یا محدود مدتی(Tenure bases) تعیناتی ہو گی، اس کے علاوہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے دونوں ممبران کو تعیناتی کے عمل میں شفافیت کو مدنظر رکھتے ہوئے 11جنوری2021کو معطل کر دیا،کابینہ سے سمری میں سفارش کی گئی کہ پیرا تھارٹی کے ممبر اکیڈمکس امتیاز علی قریشی،ممبر رجسٹریشن وقاص محمود کیانی کی تعیناتیاں رولز کی عدم موجودگی میں غیر قانونی طور پر کی گئیں اس لیے ان کو فوری عہدے پر ہٹایا جائے،کابینہ نے سمری کی منظوری دیتے ہوئے نئے ممبران کی تعیناتی 2015کے رولز''(ICT PIERA chairman and member (acadmics & member Registration) (Appopintment and Qualification) Ruls2015کے تحت کرنے کی ہدایات جاری کر دیں،کابینہ کی منظوری کے بعد وزارت تعلیم نے 3دسمبر کو عہدے سے ہٹانے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کے مطابق دونوں ممبران کو 23نومبر سے فارغ کر دیا گیا ہے۔