• news

جہلم ، ٹرپ پر جاتے طلبہ کی ایک بس پل سے گری، دوسری الٹ گئی،4جاں بحق43زخمی

جہلم‘ دینہ‘ فیروز والا (نامہ نگاران) تین مختلف حادثات میں تین طلباء و طالبات سمیت چار افراد جاں بحق‘ 43 افراد زخمی ہو گئے۔ چار کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق علی الصبح دینہ کے قریب جی ٹی روڈ پر کوسٹر جو لاہور بیگم کوٹ کی نجی اکیڈمی کی طالبات و ٹیچرز کو لے کر مری ٹرپ پر جا رہی تھی کہ اچانک پل سے نیچے ٹرین کی پٹری پر گرگئی۔ نتیجہ میں دو طالبات سحر، اریحہ اور پروفیسر عمران شہزاد موقع پر جاں بحق ہوگئے۔ جبکہ22 طالبات اور ٹیچرز زخمی ہو گئے۔ ریسکیو 1122 نے زخمیوں اور نعشوں کو دینہ اور جہلم ہسپتال منتقل کیا ایک شدید زخمی کو راولپنڈی ریفر کر دیا گیا۔ بچیوں اور ٹیچرز کے لواحقین آکر زیر علاج مریضوں کو اپنے ساتھ لاہور لے گئے۔ جبکہ دینہ بائی پاس کے قریب لاہور کی نجی یونیورسٹی کے طالب علموں کی اسلام آباد جانے والی بس تیز رفتاری اور پھسلن کی وجہ سے الٹ گئی۔ حادثے میں پندرہ طالب علم زخمی، ایک 22 سالہ شہروز مقصود سکنہ رحیم یار خان جاں بحق ہو گیا۔ سوہاوہ جی ٹی روڈ پر چار گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔ تیز رفتار بس بے قابو ہوکر درخت سے ٹکرائی تو پیچھے والی دو کاریں اور بس بھی اس سے ٹکرا گئیں۔ حادثے میں بچوں، خواتین سمیت چھ افراد زخمی ہو گئے۔ حادثے کے بعد ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات چوہدری فواد حسین نے محکمہ صحت کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے دینہ کے قریب ٹریفک حادثے میں  طالبات سمیت دیگر افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہدایت کی کہ زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کمشنر راولپنڈی ڈویژن اور آر پی او راولپنڈی سے افسوسناک حادثے کے بارے میں رپورٹ طلب کر لی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن