پیون مودی ملاقات،28سرمایہ کاری معا ہدوں پر دستخط، میزائل نظام کی تر سیل شروع
نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ) بھارت کے دورہ پر آئے روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے منشیات سمگلنگ‘ دہشت گردی کیخلاف جنگ اور منظم جرائم کو بڑے چیلنج قرار دیا اور کہا کہ دونوں ملکوں کو ان سے نمٹنے کیلئے باہمی تعاون کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا دہشت گردی کیخلاف جنگ کے حوالے سے دونوں ملکوں کی پوزیشن ایک ہی ہے۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کیساتھ ملاقات کے موقع پر روسی صدر نے مزید کہا کہ یہ ایک فطری امر ہے کہ دونوں ملک افغانستان کی صورتحال کے حوالے سے تشویش میں مبتلا ہیں۔ بھارت کو ایک بڑی طاقت قرار دیتے ہوئے ولادی میر نے مزید کہا کہ بھارت روس کا آزمودہ دوست ہے۔ اس موقع پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کرونا کی صورتحال کے باوجود دونوں ملکوں کے تعقات کی رفتار میں کوئی کمی واقع نہیں ہوئی۔ حیدر آباد ہاؤس میں دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں نریندر مودی نے کہا دونوں ملکوں میں خصوصی سٹرٹیجک پارٹنر شپ بدستور مضبوط ہو رہی ہے۔ گزشتہ کچھ دہائیوں میں دنیا نے جغرافیائی‘ سیاسی حوالے سے بہت سی بنیادی تبدیلیاں دیکھی ہونگی مگر روس بھارت کی دوستی میں کوئی فرق نہیں آیا۔ دریں اثناء روسی صدر ولادی میر پیوٹن کے دورہ بھارت کے موقع پر بھارت اور روس کے درمیان 28 سرمایہ کاری کے معاہدوں پر دستخط ہو گئے ہیں۔ بھارتی سیکرٹری خارجہ کا کہنا ہے کہ روسی صدر ولادی میر پیوٹن کے دورہ بھارت میں دونوں ملکوں کے درمیان سٹیل، شپ بلڈنگ، کوئلے اور توانائی سے متعلق معاہدے طے پائے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق بھارت میں کلاشنکوف اسالٹ رائفلز بنانے کیلئے ماسکو اور دلی کے درمیان ایک الگ معاہدہ بھی طے پایا ہے۔ معاہدے کے تحت بھارت 6 لاکھ سے زائد اے کے 203 اسالٹ رائفلز بنائے گا۔ بھارتی سیکرٹری خارجہ کے مطابق بھارت کو رواں ماہ روسی میزائل سسٹم ایس 400 کی ترسیل شروع ہو گئی ہیں جو اب جاری رہے گی۔