• news

ماڈل ٹائون کچہری: پولیس کی موجودگی میں 13خطرناک ملزم بخشی خانے کی دیوار توڑ کر فرار

لاہور (نامہ نگار) ماڈل ٹاؤن کچہری میں پولیس کی بھاری نفری کی موجودگی کے باوجود جیلوں سے لائے گئے 13 خطرناک ملزم بخشی خانے کی دیوار توڑ کر فرار ہو گئے۔ ملزم مختلف مقدمات میں کوٹ لکھپت اور کیمپ جیل سے لائے گئے تھے۔ وزیر اعلی پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی جبکہ سی سی پی او لاہور فیاض احمد دیو نے نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی آپریشنز سے رپورٹ طلب کر کے فوری گرفتاری کا حکم دے دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پیشی پر لا کر بخشی خانے بند کیا گیا، تو ملزمان نے ہنگامہ آرائی کرتے ہوئے بخشی خانے کی اینٹیں اکھاڑ دیں اور پولیس ملازمین پر حملہ کر دیا۔ افراتفری پھیل گئی اور پولیس اہلکاروں نے بھی دوڑیں لگا دیں۔ جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ملزموں نے بخشی خانے کا تالا توڑ دیا۔ ذرائع کے مطابق کوٹ لکھپت جیل سے 90قیدیوں کو پیشی کے لیے کچہری لایا گیا تھا۔ جن میں سے فرار ہونے والے قیدیوں میں کوٹ لکھپت جیل کے تین ملزمان حیدر علی ولد لیاقت، فیصل ولد مٹھو مسیح، احمد علی ولد مقبول جبکہ کیمپ جیل سے کل 76 ملزموں کو پیشی کے لیے لایا گیا تھا۔ جن میں سے 8 ملزمان فرار ہوگئے۔ فرار ہونے والے ملزمان میں جاوید ولد عابد، وسیم ولد سلیم، شعبان ولد عبدالعزیز، پرویز ولد لال دین، ایان ولد اکرم، عادل ولد شہباز، سہیل ولد جاوید، احسن ولد فریاد شامل ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے ملزمان کی تلاش کیلئے ناکہ بندی کر دی گئی ہے۔ دوسری جانب وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے واقعہ کی رپورٹ طلب کر کے ملزموں کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیا۔ جبکہ سی سی پی او لاہور نے غفلت کے ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیتے ہوئے ایس ایس پی آپریشنز سے رپورٹ طلب کر کے ابتدائی رپورٹ وزیر اعلیٰ پنجاب کو بھجوا دی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر فرائض سے غفلت برتنے پر ڈی ایس پی پرزنز سکواڈ لاہور اسد محمود کو معطل کر دیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن