• news

(ق) لیگ کے کارکن بلدیاتی الیکشن کیلئے تیاری شروع کریں: پرویز الٰہی 

لاہور (خصوصی نامہ نگار) قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویزالٰہی سے بلغاریہ کی سفیر ارینا گانشیوا نے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات‘ باہمی دلچسپی کے امور سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پاکستان بلغاریہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، دونوں ملکوں کے مابین عوام کے درمیان رابطہ اور بزنس وفود کے تبادلے ہونے چاہئیں، پاکستان میں بلغارین کاروباری حضرات کیلئے زراعت، ٹیکسٹائل اور فوڈ کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔  پرویزالٰہی نے محترمہ ارینا گانشیوا کو بلغاریہ کے پارلیمانی وفد کے ہمراہ پنجاب اسمبلی کے دورے کی دعوت بھی دی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت سٹیٹ آف دی آرٹ کا درجہ رکھتی ہے۔ مسلم لیگ (ق) پنجاب کے صدر چودھری پرویزالٰہی نے صدف بٹ کو  (ق) لیگ پنجاب کا ڈپٹی ترجمان مقرر کر دیا۔ نوٹیفکیشن دینے کی تقریب میں چودھری رضائے مصطفی جوائنٹ سیکرٹری سیالکوٹ بھی موجود تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ نوجوان قیادت کو پارٹی عہدے دینے کا مقصد عوام کی خدمت کرنا ہے، عوامی مسائل کو ہمیشہ ترجیحی بنیادوں پر حل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگی کارکن بلدیاتی انتخابات کیلئے تیاری شروع کریں، پارٹی بھی عوامی خدمت کا جذبہ رکھنے والوں کو ٹکٹ جاری کرے گی۔ اس موقع پر صدف بٹ نے چودھری پرویزالٰہی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی نے مجھ پر بھاری ذمہ داری ڈالی ہے جس پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کروں گا۔

ای پیپر-دی نیشن