• news

سیالکوٹ جیسے واقعات برداشت نہیں ، روکنے کیلئے جامع حکمت عملی بنائی جا ئیگی

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت سکیورٹی صورتحال پر اجلاس ہوا۔ اعلامیہ کے مطابق ملک کی مجموعی صورتحال  کا جائزہ لیا گیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اجلاس میں شرکت کی۔ فواد چودھری‘ شیخ رشید‘ ڈاکٹر معید یوسف‘ وزیراعلیٰ پنجاب اور اعلیٰ عسکری و سول افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں سری لنکن شہری کے بہیمانہ قتل کی مذمت کی اور ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ شرکاء نے کہا کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ ایسے واقعات کو برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ اعلامیہ کے مطابق ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے جامع حکمت عملی پر عملدرآمد کیا جائے گا۔ شرکاء نے کہا کہ مجرموں کو سخت سزائیں دی جائیں گی۔ اجلاس کے شرکاء نے ملک عدنان کی بہادری اور ہمت کی تعریف کی۔ اجلاس میں سری لنکن شہری کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سانحہ سیالکوٹ نے ہمارا سر شرام سے جھکا دیا ہے‘ ملزمان کو قرار واقعی سزا یقینی بنائی جائے۔ آئندہ اس قسم کے واقعات کی روک تھام کیلئے جامع حکمت عملی بنائی جائے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت افغانستان کی صورتحال پر اجلاس ہوا۔ اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ‘ ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم‘ کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید سمیت وفاقی وزراء نے شرکت کی۔ اجلاس میں بارڈر اور افغانستان کی صوتحال پر  غور کیا گیا۔ اجلاس میں پاکستان  کی جانب سے افغانستان کو دی گئی امداد پر بریفنگ  دی گئی۔ افغان شہریوں کو دوسرے ممالک جانے کیلئے پاکستانی راستے کے استعمال پر بھی مشاورت کی گئی۔ افغان پالیسی کے تناظر میں مفاہمتی  عمل جاری رکھنے پر بھی تبالہ خیال کیا گیا۔ ملک کی سکیورٹی کی صورتحال پر بھی مشاورت کی گئی۔ اس کے بعد وزیراعظم عمران خان نے ملکی تاریخ کے سب سے بڑے کھلیوں کے پروگرام کامیاب جوان سپورٹس ڈرائیو کا افتتاح کردیا ہے جس میں 15 سے 25 سال کے نوجوان حصہ لیں گے۔ وزیراعظم عمران خان جناح سٹیڈیم پہنچے جہاں پر انہوں نے مشعل جلا کر سپورٹس میلے کا آغاز کردیا، میلے میں 3300 نوجوان، 2700 لڑکیاں حصہ لے رہی ہیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ملک بھر میں گراؤنڈز کا جال بچھائیں گے، خیبرپی کے میں 300 اور پنجاب میں 260 گراؤنڈز بنا چکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سپورٹس کی نئی پالیسی لے کر آئے ہیں، کوشش ہے پاکستان کے نوجوان انٹرنیشنل سپورٹس میں شرکت کریں، جبکہ کھیلوں سے آپ مقابلہ کرنا سیکھتے ہیں اور ہارتے تب ہیں جب آپ ہارنے کے بعد دل برداشتہ ہوکر ہاتھ کھڑے کردیتے ہیں، ہارنے سے دل برداشتہ نہیں ہوتے بلکہ ہار سے سیکھنا چاہئے۔ دریں اثناء وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی کا اجلاس ہوا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان  موسمیات تبدیلی مسئلے کا حصہ نہیں حل کا حصہ بننا چاہتے ہیں۔ آلودگی پر قابو پانے کیلئے طویل مدتی پائیدار شہری صفائی کے منصوبے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے موسمیاتی تبدیلی سے متعلق منصوبے کی اصولی منظوری دی۔ منصوبے میں تحفظ اور آلودگی پر قابو پانے کے اقدامات شامل ہیں۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ منظوری اور عملدرآمد کیلئے تفصیلی منصوبہ 4 ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن