حکومت سے گیس کی قیمتوں کامعاملہ اٹھائیں گے:میاں محمداسلم
لاہور(کامرس رپورٹر ) وزیر صنعت پنجاب میاں محمد اسلم نے اپٹما کو یقین دہانی کروائی ہے کہ وہ وفاقی حکومت کے سامنے پنجاب میں گیس کی قیمت ساڑھے چھے ڈالر سے بڑھا کر 9 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو کرنے کا معاملہ اٹھائیں گے۔ وہ اپٹما نادرن زون کے چیئرمین حامد زمان کی سربراہی میں ایک وفد سے بات چیت کر رہے تھے۔ وفد میں سنیئر وائس چیئرمین کامران ارشد، سیکرٹری جنرل رضا باقر اور دیگر اراکین شامل تھے۔ حامد زمان نے انہیں دیگر صوبوں کے مقابلے میں پنجاب میں بڑھنے والی گیس کی قیمتوں میں اضافے سے پیدا ہونے والے مسائل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف اندرون ملک بلکہ خطے میں بھی ایکسپورٹ انڈسٹری کو پنجاب کے مقابلے میں سستی گیس دستیاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں انڈسٹری کیلئے گیس کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے سے پاکستان کی برآمدات اور ٹیکسٹائل کے شعبے میں ہونے والی سرمایہ کاری میں کمی کا خطرہ ہے۔ پنجاب میں ہفتہ، اتوار اور پیر کو پرائیویٹ دفاتر کی بندش سے کاروبار میں مشکلات آ رہی ہیں۔ وزیر صنعت پنجاب نے پنجاب کی ایکسپورٹ انڈسٹری کو مشکلات سے نکالنے کی بھرپور یقین دہانی کروائی اور کہا کہ حکومت نے ایکسپورٹ انڈسٹری سے بہت سی توقعات باندھ رکھی ہیں۔