• news

امریکہ کابیجنگ ونٹر اولمپکس 2022 کے سفارتی بائیکاٹ کا اعلان‘قیمت چکانا پڑے گی: چین

لاہور(سپورٹس ڈیسک )امریکہ نے بیجنگ ونٹراولمپکس 2022ء کے سفارتی بائیکاٹ کا اعلان کردیا ہے۔وائٹ ہاوس نے کہا ہے کہ چین میں انسانی حقوق کے خدشات کی وجہ سے کسی سرکاری وفد کو ان کھیلوں میں نہیں بھیجا جائے گا تاہم امریکی کھلاڑی ان مقابلوں میں شرکت کر سکتے ہیں۔چین نے امریکہ کے ونٹر اولمپکس کے سفارتی بائیکاٹ کے فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ کو اس کی قیمت چکانا پڑے گی ۔ ترجمان وزارت خارجہ ژائو لیان نے کہا کہ فیصلے کیخلاف اقدامات کئے جائیں گے مگر مزید تفصیلات ظاہر نہیں کی جائیں گی ۔ چین نے الزام عائد کیا کہ امریکہ کھیلوں میں سیاست کو داخل کر رہا ہے ۔ کھیلوں کا بائیکاٹ جھوٹ اور جھوٹی خبروں پر کیا جا رہا ہے  ۔ اقوام متحدہ میں چین کے مستقل مشن کے ترجمان نے کہا  ہے کہ امریکہ کی طرف سے بیجنگ 2022 کے سرمائی اولمپکس کا نام نہاد "سفارتی بائیکاٹ" ایک خود ساختہ سیاسی مذاق ہے۔ اولمپک کھیلوں کی کامیابی مٹھی بھر حکومتی عہدیداروں کی شرکت پر منحصر نہیں ہوتی ۔ میزبان چین کے دروازے تمام کھلاڑیوں اور مہمانوں کیلئے کھلے ہیں۔ امریکی حکومت کا یہ فیصلہ اس کی سرد جنگ کی ذہنیت کی عکاسی کرتا ہے۔ امریکہ صرف کھیلوں پر سیاست کرنا، تقسیم پیدا کرنا اور محاذ آرائی کو ہوا دینا چاہتا ہے جبکہ ایسا کرنے میں امریکہ ناکام رہے گا ۔

ای پیپر-دی نیشن