• news

ایسا میکنزم چاہتے ہیں افغانوں کی مدد ہو سکے فواد چودھری‘ قازقستان کے قومی دن پر مبارکباد 

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے سعودی سفارت خانہ کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے کہاکہ ہماری کوشش ہے کہ سعودی عرب سمیت دیگر برادر ممالک کے ساتھ مل کر ایسا میکنزم تشکیل دیا جائے کہ جس سے افغانستان کے لوگوں کی مدد ہو سکے۔ دریں اثناء  چوہدری  فواد حسین نے حکومت پاکستان اور عوام کی طرف سے قازقستان کی قیادت اور عوام کو قومی دن کے موقع پر مبارکباد پیش  کرتے ہوئے کہا ہے کہ  پاکستان اور قازقستان کے درمیان تاریخی، مشترکہ مذہبی و ثقافتی اقدار پر مبنی 30 سالوں سے مضبوط سفارتی تعلقات قائم ہیں، تاریخی، مذہبی اور سیاسی روابط کے حامل تعلقات کے باعث دونوں ممالک اہم تجارتی شراکت دار بننے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں، دونوں ممالک کو اپنے نجی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔  چوہدری فواد حسین نے  ایک بیان میں کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے آج پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے سماجی تحفظ کے پروگرام کا اعلان کیا ہے جس کے تحت پنجاب حکومت 320 ارب روپے خرچ کر رہی ہے۔ اس پروگرام کے تحت پنجاب حکومت اپنے شہریوں کو یکم جنوری سے ہیلتھ انشورنس فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے خیبر پختونخوا حکومت اپنے تمام شہریوں کو ہیلتھ انشورنس دے چکی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن