سا نحہ سیالکوٹ ، مزید 8ملزم گرفتار، نعش کی بیحری کرنیوالا بھی شامل
سیالکوٹ/گوجرانولہ/ لاہور (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) سانحہ سیالکوٹ کی تحقیقات کے سلسلے میں پولیس نے مزید 8 ملزموں کو گرفتارکرلیا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج اور موبائل کالز ڈیٹا کی مدد سے ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر پولیس کے چھاپے جاری ہیں۔ اب تک 34 مرکزی ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ آئی جی پنجاب کے مطابق سانحہ سیالکوٹ میں ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے بتایا کہ ملزمان میں لاش کی بے حرمتی کرنے والا ذاکر سلمان بھی شامل ہے جبکہ دیگر گرفتار ملزمان میں ویڈیو بنانے‘ اشتعال دلانے اور تشدد کرنے والے شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق پریانتھا کے نائب کے طور پر کام کرنے والا وحید بھی جھگڑے کے وقت ساتھ تھا اور وحید نے فیکٹری مالک شہباز بھٹی کے ساتھ ملکر صورتحال سنبھالنے کی کوشش کی۔ پولیس کی تحقیقات کے مطابق اشتعال بڑھتا دیکھ کر وحید ہی پریانتھا کو چھت پر لے کر گیا وہ پریانتھا سے اپنی طرف کا دروازہ لاک کرنے کا کہہ کر جلدی سے نیچے آ گیا لیکن بدقسمتی سے چھت کی طرف دروازے کی کنڈی نہیں تھی۔ پولیس کے مطابق وحید نے خواتین ورکرز کو فیکٹری سے نکال کر عمارت کے عقبی حصے میں منتقل کیا جس وجہ سے بروقت محفوظ مقام پر منتقل ہونے سے خواتین ورکرز محفوظ رہیں۔ پولیس نے فیکٹری سے لئے 10 ڈی وی آر اور بائیومیٹرک مشینیں فرانزک لیب بھجوا دیں جس کی رپورٹ آنے پر ویڈیوز اور بائیومٹرک حاضری کو شواہد بنایا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ سانحہ سیالکوٹ کے کیس پر ہونے والی پیش رفت کا خود جائزہ لے رہا ہوں۔ ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دلائی جائے گی۔ انصاف کے تمام تقاضے پورے کریں گے۔ ترجمان پولیس کے مطابق گرفتارہونے والے مزید ملزمان کو آج انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا جارہا ہے۔گرفتار ملزمان میں واقعہ کی ویڈیو بنانے، اشتعال دلانے اور تشدد کرنے والے بھی شامل ہیں۔