اتوار سے لاہور میں روٹی 12 نان 18 روپے کا کرنے کا اعلان
لاہور (کامرس رپورٹر) متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن نے آٹے اور میدہ کی قیمتوں میں اضافے کو جواز بناتے ہوئے 12دسمبر (اتوار) سے سادہ روٹی کی قیمت 2 اور نان کی قیمت 3روپے بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔ جس سے 120گرام نان کی قیمت 18روپے اور 100گرام سادہ روٹی کی قیمت12روپے ہو جائے گی۔ ایسوسی ایشن کے ہنگامی اجلاس کے بعد صدر آفتاب گل نے دیگر عہدیداروں کے ہمراہ میڈیا کو فیصلے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ فائن میدہ اور آٹے کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں۔ سوئی گیس کی لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے مہنگی ایل پی جی اور لکڑیاں جلانے پر مجبور ہیں۔ ان وجوہات کی بناء روٹی اور نان موجودہ قیمتوں پر فروخت نہیں کر سکتے۔ جو نان اور روٹی کا وزن کم رکھے گا وہ ہم میں سے نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت چاہتی ہے کہ روٹی اور نان کی قیمت برقرار رہے تو حکومت ہمیں ریلیف فراہم کرے۔ موجودہ حالا ت کی وجہ سے تندور والے سب مقروض ہو چکے ہیں۔نان اور روٹی کی قیمت میں اضافے پر اظہار تشویش کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع، قرارداد مسلم لیگ (ن) کی رکن سمیرا کومل کی جانب سے جمع کرائی گئی۔ جس میں کہا گیا ہے ایوان نان اور روٹی کی قیمت میں اضافے کے فیصلے پر تشویش کا اظہار کرتا ہے۔ دن بدن بڑھتی مہنگائی کی وجہ سے عوام کیلئے پہلے ہی دو وقت کی روٹی کھانا مشکل ہوگیا ہے۔ ایسے حالات میں نان اور روٹی کی قیمت میں اضافہ غریب عوام کے ساتھ زیادتی ہے۔ یہ ایوان مطالبہ کرتا ہے حکومت آٹے اور میدے کی بوری پر ٹیکس میں کمی کرے اور نانبائی ایسوسی ایشن اپنے فیصلے پر نظرثانی کرے۔