• news

خواتین پر تشدد کے خاتمہ کے حوالے سے موثر اقدامات کئے جا رہے ہیں: حسان خاور

لاہور (اپنے نامہ نگار سے) معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب برائے اطلاعات حسان خاور نے لاہور ہائیکورٹ میں عورتوں پر تشدد کے خاتمہ کے عنوان پر  آگاہی سیمینار سے خطاب میں کہا کہ پنجاب حکومت نے خواتین پر تشدد اور ہراسمنٹ کے خلاف قانون سازی کی جبکہ ان سے امتیازی سلوک کا خاتمہ کرتے ہوئے تحفظ فراہم کرنے کے حوالے سے عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ معاشرے میں عدم برداشت کی وجہ سے سوسائٹی کو بہت نقصان پہنچ رہا ہے۔ عدم برداشت کا رجحان ختم کرنے کیلئے اقدامات ناگزیر ہیں۔ ہم اپنے رویوں کی وجہ سے ہی آگے نہیں بڑھ پا رہے۔ حسان خاور نے کہا کہ خواتین پر تشدد صرف خواتین کا ہی نہیں مردوں کا بھی مسئلہ ہے۔ کیونکہ جب خواتین پر تشدد کی بات آتی ہے تو مرد حضرات اسے صرف عورت کا مسئلہ سمجھ کر آنکھیں بند کر لیتے ہیں۔ اس مسئلہ کو ہم سب نے ملکر ٹھیک کرنا ہے اور بحیثیت مرد خود احتسابی کے مرحلے سے گزرنا اور اپنی سوچ کو تبدیل کرنا ہے۔ عورتوں کے خلاف تشدد ختم کرنا ہے تو ہمیں اپنی ورک پلیس کو ان کیلئے محفوظ بنانا ہوگا اور تھانوں، عدالتوں، تفتیشی اداروں اور دیگر محکموں میں انہیں بالخصوص سہولیات فراہم کرنے کیلئے ہنگامی اور موثر اقدامات کرنا ہوں گے۔ اس موقع پر جرم کا شکار ہونے والی ایک خاتون نے حسان خاور کو اپنا مسئلہ سنایا جس پر انہوں نے خاتون کی شنوائی کی یقین دہانی کرواتے ہوئے احکامات بھی جاری کئے۔

ای پیپر-دی نیشن